Live Updates

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک بھارت معنی خیز مذاکرات کیلئے امید کا اظہار

دونوں ملکوں کے درمیان مذکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی، انٹونیو گوٹریس

ہفتہ 19 جنوری 2019 13:41

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک بھارت معنی خیز مذاکرات کیلئے امید ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے پاک بھارت تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان معنی خیز مذاکرات کے لیے امید کا اظہار کیا ہے اورکہاہے کہ میں اپنے دفتر کو دونوں ملکوں کے درمیان مذکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی تاہم مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی صحافی نے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے اس حوالے سے سوال کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی جانب سے متعدد مرتبہ امن اور مذاکرات کی بات کیے جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی صحافی نے مزید کہا کہ صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہے۔

جس کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ میں اپنے دفتر کو دونوں ملکوں کے درمیان مذکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس نے حال ہی میں کشمیر کے حوالے سے ایک بہت تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے، لہذا اقوام متحدہ نے واضح طور پر اپنا کردار نبھایا ہے۔انٹونیو گوٹریس نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات