Live Updates

پی ٹی آئی کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی

مصر کے ارب پتی شخص نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ایک لاکھ گھر تعمیر کرنے کی پیشکش کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 13:58

پی ٹی آئی کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ جس میں کئی غیر ملکی کمپنیوں اور کاروباری حضرات نے پاکستان تحریک انصاف کو مالی اور تعمیری معاملے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ حال ہی میں مصر کے ایک ارب پتی شخص نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک لاکھ گھر تعمیر کر کے دینے کی پیشکش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصری کے ارب پتی نیگوئب سویرس وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں بڑے پیمانے پر اپنا حصہ ڈالنے کے خواہشمند ہیں۔ سویرس وزیراعظم عمران خان کو اس بات کا احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ غریب عوام کے لیے گھروں کی تعمیر کرکے ان کی مدد کرنے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سویرس کے اورا ڈیویلپرز اینڈ سیف ہولڈنگ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کرنے والے ایلیٹ اسٹیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق حمدی نے بتایا کہ سیویرس نے پاکستان تحریک انصاف کے نیا پاکستان بنانے کی نظریے کے تحت نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ایک لاکھ گھر تعمیر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس پراجیکٹ سے متعلق مصری ارب پتی شخص کا ماننا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ پراجیکٹ کافی نمایاں ہے۔ حمدی نے کہا کہ میرے خیال میں تمام ڈیویلپرز کو اس اسکیم کی تعمیر میں موجودہ حکومت کی مدد کرنی چاہئیے۔ ملک بھر میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے صرف حکومت پر ہی انحصار نہیں کرنا چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتنی بڑی اسکیم کی تعمیر میں پانچ سال سے زائد یا ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔

حمدی نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ قابل تعریف ہے لیکن اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے باری باری اقدامات کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ مصر کے مذکورہ ارب پتی شخص نیگوئب سویرس پہلے بھی پاکستان کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ ان کی پاکستان میں کی گئی پہلی بڑی سرمایہ کاری موبائل نیٹ ورک موبی لنک میں تھی۔ جس کے بعد انہوں نے رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں قدم رکھا اور اب ان کی فرم ''اورا'' 2 بلین کے پراجیکٹ میں 60 فیصد کی شراکت دار ہے۔ اس پراجیکٹ میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل، 1068 گھر، 921 رہائشی اپارٹمنٹس،بزنس پارکس،اسپتال ، اسکول،13 دفاتر کی عمارتیں،گالف کورس اور دیگر تعلیمی سہولیات شامل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات