30 فیصد افراد 65 سال کی عمر تک کام کرنے کے خواہش مند ہیں، جاپانی جائزہ

ہفتہ 19 جنوری 2019 14:33

30 فیصد افراد 65 سال کی عمر تک کام کرنے کے خواہش مند ہیں، جاپانی جائزہ
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) جاپانی حکومت کے ایک جائزے میں جواب دینے والے تقریباً 30 فیصد افراد نے 61 سے 65 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔کابینہ دفتر نے گزشتہ نومبر میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے 5000 افراد سے سوالات پوچھے تھے جس میں سے 2 ہزار 9 سو سے زائد لوگوں نے جوابات دیے۔جائزے میں پوچھا گیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ کس عمر تک وہ کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جس کے جواب میں 30.7 فیصد افراد نے 61 سال سے 65 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

21.5 فیصد نے 66 سے 70 سال جبکہ 18.8 فیصد نے 51 سے 60 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کی۔66 سال یا زائد عمر تک کام کرنے کی خواہش رکھنے والے افراد سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ وہ ایسا کیوں کرنا چاہتے ہیں تو 28.9 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ مالی پریشانی سے بچنے کے لیے ایسا کرنا چاہتے ہیں جبکہ 24.9 فیصد افراد نے روزمرہ کے اخراجات کو پورا کرنے کا جواز پیش کیا جبکہ 16.9 فیصد کا کہنا تھا کہ ان کو کام کرنا بہت پسند ہے۔وزارت بہبود کے مطابق وہ عوامی پنشن کے نظام کو بدلنے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ چند افراد پنشن حاصل کرنے کی 65 سال کی عمر کے بعد بھی کام جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔