Live Updates

تناول میں 15 سالوں میں ہونے والا کام عوام کے اتحاد و اتفاق کی بدولت پانچ سالوں میں ہو گا، قلندر لودھی

ہفتہ 19 جنوری 2019 14:39

تناول میں 15 سالوں میں ہونے والا کام عوام کے اتحاد و اتفاق کی بدولت پانچ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ تناول کے عوام علاقہ کی ترقی کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں، تناول میں جتنا کام گذشتہ 15 سالوں میں ہوا ہے، عوام کے اتحاد و اتفاق کی بدولت انشاء الله ان پانچ سالوں میں اس سے زیادہ ہو گا، تناول میں تحصیل کے قیام کی بدولت اب کروڑوں روپے کے فنڈز آئیں گے، تناول کی ترقی کیلئے اپنا خون بھی دینے کو تیار ہیں، ایم این اے علی خان جدون کی مشاورت سے حلقہ پی کے 38 کی تقدیر بدل دیں گے۔

وہ تندھارا، پاگراں، گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج شیروان، سول ہسپتال شیروان، شیروان تا تندھارا سڑک کے معائنہ اور دیگر تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس مو قع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، ممبر ضلع کونسل شہنواز، سابق نائب ناظم ملک جنید تنولی، بلدیا تی نمائندے، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک نے کہا کہ علاقہ میں جاری ترقیاتی کام انشاء الله جون تک مکمل ہو جائیں گے، اب ہم ہر ماہ میں ایک دن تناول میں گذاریں گے اور یہاں پر آ کر لو گوں کے مسائل اور مشکلات دور کرنے کی بھرپور کوشش کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبہ میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور تمام کام مشاورت سے ہو ں گے، ہم آپ کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور آئندہ پانچ سالوں میں انشاء الله کوئی کام باقی نہیں رہے گا۔ قلندر خان لودھی نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں، جو کچھ لوگوں کی خدمت کر رہا ہوں وہ ان کا حق ہے، ہم نے ہمیشہ تناول کو عزت دی، تناول کو تحصیل کا درجہ دلایا۔

انہوں نے بتایا کہ شیروان میں بے شمار ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں ایک کروڑ روپے سے شیروان سول ہسپتال کی مرمت، 6 کر وڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر، 7 کروڑ روپے سے شیروان تا تندھارا سڑک کی تعمیر، دو کروڑ 45 لاکھ روپے سے تندھارا گائوں کی واٹر سپلائی سکیم، گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج شیروان اور 25 کلومیٹر دیگر سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں، یہ سکیمیں آئندہ جون تک مکمل ہو جائیں گی۔

قلندر خان لودھی نے بتایا کہ گرلز مڈل سکول تندھارا میں کلاسوں کا اجراء بھی اسی سال ہو گا، تندھارا سڑک کو مزید توسیع دینے اور گھوڑی میں پرائمری سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی خان جدون نے چار گائوں کیلئے بجلی کے پول دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اور حاجی قلندر خان لودھی حلقہ پی کے 38 اور این اے 16 کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات مشاورت سے کام کر رہے ہیں اور تناول کی عوام نے جس طرح انہیں الیکشن میں عزت سے کامیاب کیا، انشاء الله انشااللہ ان کی خد مت کر کے اور ان کے مسائل ختم کر کے ان کا شکریہ ادا کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات