Live Updates

روک سکو تو روک لو ، پی اے سی کا ممبر بننے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا

میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آ رہا ہوں، ن لیگ کا احتساب اب شیخ رشید پارلیمنٹ میں کرے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 15:13

روک سکو تو روک لو ، پی اے سی کا ممبر بننے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ن لیگ کا پارلیمنٹ میں احتساب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ روک سکو تو روک لو میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ رانا ثنا اللہ کس کی زبان بول رہا ہے ، میں اُس کی دم پر پاؤں رکھنے پی اے سی میں جا رہا ہوں۔

شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کا چئیرمین لگانا سیاسی بد دیانتی ہے۔ اگراسمبلی چلانے کے لیے عمران خان نے یہ کیا تو ٹھیک ہے میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں لیکن شہباز کو چیرمین پبلک اکاؤنٹس لگانا ایک غلط فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں میرا جانا بہت ضروری ہے، میں پی اے سی میں جا کر ان کا احتساب کروں گا، مجھے پی اے سی کا ممبر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

(جاری ہے)

شریف اور زرداری خاندان کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے، شہباز شریف جتنی بھی کوشش کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں، کرپٹ لوگوں کو پذیرائی ملی تو جمہوریت کو خطرات لاحق ہوں گے، کرپشن کو پھر پذیرائی ملی تو جمہوریت کو شدید نقصان ہوگا۔ منی بجٹ سے عام آدمی کو نقصان نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کی مہم اور خوش اخلاقی کی مہم چلا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں مرکز شکایات کھول رہے ہیں۔ ہم نے مزید 20 ٹرینیں چلانی ہیں۔ تمام اسٹیشن پر واٹر فلٹر پلانٹ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو مال گاڑی کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ 2 نئی مال گاڑیاں چلا رہے ہیں۔ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہے ہیں۔ عمران خان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے فرماںروا پاکستان آئیں گے تو سب کو سرمایہ کاری کا پتہ چلے گا۔

میں تو مستقبل میں امریکی صدر کو پاکستان کا دورہ کرتا دیکھ رہا ہوں۔ دوست ممالک سے فنڈز لینے پر وہ شرائط نہیں ہوں گی جو آئی ایم ایف کی ہیں۔ پاکستان کے پاس 6 ماہ کی درآمدات کے لیے ذخائر موجود ہیں۔ تمام ادارے اور قوم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زرداری صاحب کا بھی کھاتہ کھلا ہے، انہیں رات کو نیند کیسے آتی ہوگی۔ مجھے بس بلاول کی فکر ہے کہ اس کے ساتھ آگے کیا ہوگا۔ بلاول کو پیغام بھیجا ہے بھٹو بنو زرداری مت بنو۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بلاول کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات