Live Updates

ملٹری کورٹس میں توسیع، فواد چودھری نے اپوزیشن سے حمایت مانگ لی

فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی ضرورت ہے، لیکن تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کا متفق ہونا ضروری ہے، سیاسی جماعتیں ضروری ہیں،ان کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 جنوری 2019 15:29

ملٹری کورٹس میں توسیع، فواد چودھری نے اپوزیشن سے حمایت مانگ لی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جنوری2019ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے ملٹری کورٹس میں توسیع کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے حمایت مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی ضرورت ہے ،لیکن تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کا متفق ہونا ضروری ہے، سیاسی جماعتیں ضروری ہیں،ان کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔انہوں نے آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں حقیقت ہیں ، سیاسی جماعتوں کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

فواد چودھری نے کہا کہ دہشتگردوں کوکنٹرول کرنے کیلئے فوجی عدالتیں بنائی گئی تھیں۔ فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئی تھیں۔فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی ضرورت ہے ۔لیکن فوجی عدالتوں میں توسیع کیلئے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کا متفق ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہو، پیپلزپارٹی ہو، یا پھر تحریک انصاف ہو ان تینوں جماعتوں کا وجود ملک کیلئے ضروری ہے۔

ہمارا جھگڑا دو بڑے لیڈروں کے این آراو مانگنے پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال واقعے سے لگ رہا ہے کہ بڑے دہشتگرد ہوئے ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں دہشتگردوں نے خواتین کواستعمال کیا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتا افراد سے متعلق تشویش ہے، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کرے، پیپلزپارٹی عوامی مسائل کی بات کرے تو نیب اور جی آئی ٹی کی تلوارلٹکا دی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار یہاں پیپلز پارٹی کے اجلاس کے بعد سنئیر رہنماء و سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ تشویش ہے جنوبی پنجاب کے معاملے پرپیش رفت نہیں ہوئی۔ حکومت نے خود کہا تھا کہ جنوبی پنجاب 100 دن کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پرجنوبی پنجاب کا صوبہ بنایا جائے۔ ہم نے حکومت کو پیشکش کی تھی کہ جنوبی پنجاب کی قرارداد موجود ہے۔ قرار داد پہلے ہی سینیٹ میں منظور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی مسائل کی بات کرتی ہے نیب یا جے آئی ٹی کی تلوارلٹکا دی جاتی ہے۔فرحت اللہ بابر نے لاپتا افراد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات