Live Updates

حکمران اتحاد سے تحفظات میں اضافہ،

ایشوز پر بھی کوئی مشاورت نہیں کی، اختلافات بڑھنے لگے‘سینیٹر کامل علی آغا

ہفتہ 19 جنوری 2019 16:46

حکمران اتحاد سے تحفظات میں اضافہ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے حکمران اتحاد سے تحفظات میں اضافہ، ایشوز پر بھی کوئی مشاورت نہیں کی، اختلافات بڑھنے لگے،اعلی قیادت کو دو ماہ میں کئی بار آگاہ کرنے کے باوجود حالات میں بہتری کی بجائے خرابی میں اضافہ ہوا ،پی ٹی آئی سے اتحاد وسیع تر ملکی مفاد میں ہے ،پہلے بھی کولیشن میں رہے لیکن اتحادیوں سے اتنا برا سلوک دیکھنے میں نہیں آیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں اتحاد وسیع تر ملکی مفاد میں ہے لیکن مسلم لیگ کے ارکان اسمبلی کو اپنے انتخابی حلقوں کے کام میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ اس سے پہلے بھی کولیشن میں رہی ہے لیکن اتحادیوں سے اتنا برا سلوک کبھی دیکھنے میں نہیں آیا ۔

ہماری جماعت اور قیادت نے حکمرانی اتحاد میں شامل ہونے کے باعث نہایت نیک نیتی سے مکمل تعاون کیا اور بعض ایسے امور جو ان کی سوچ میں بھی نہیں تھے ان سے نہ صرف قبل از وقت آگاہ کیا بلکہ ان سے احسن طور پر نکلنے میں مکمل ساتھ دیا لیکن اس کے باوجود ہمارے ساتھ نہایت افسوسناک رویہ روا رکھا گیا۔ کامل علی آغا نے کہا کہ حکمران اتحاد میں اختلافات اور مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں سے بار بار اعلی قیادت کو آگاہ کیا گیا لیکن پچھلے دوماہ میں بار بار توجہ دلانے اور بتانے کے باوجود بے حسی کے باعث معامالات سیدھے اور بہتر ہونے کے برعکس تحفظات میں اضافہ سے معاملات مزیدپیچیدہ اور خراب ہوتے چلے گئے۔

یہاں تک کہ ہمارے ایک نہایت فعال اوربہترین شہرت کے حامل صوبائی وزیر کو صورتحال سے تنگ اور ما یوس ہو کر پارٹی قیادت کو استفی پیش کرنا پڑا ۔ترجمان نے کہاکہ وسیع تر ملکی مفاد میں اتحاد کا مقصدیہ ہے کہ تمام اتحادیوں کو ملک اور عوام کی بہتری کے کاموں میں برابرکا شریک کیا جائے۔ یہ نہ ہو کہ اتحادی جماعت کی پروا نہ کی جائے اتحادی جماعت کے ارکان کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جائے اور انکے تحفظات کو دور کرنیکی بجائے ان میں دن بدن اضافہ ہو تا جائے۔

اس صورتحال میں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالات بہتری کی بجائے خرابی کی طرف جائیں گئے۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے صدر رائو عباس، جنرل سیکرٹری شکیل چودھری نے سید علی ریاض ایڈووکیٹ عبدالخالق ممبران بار کونسل اور عمر دراز ایڈووکیٹ و نذر محمود ایڈووکیٹ کے ہمراہ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا سے ملاقات کی۔

انہوں نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، اس موقع پر لائیرز ونگ وپنجاب کے صدر عالمگیر ایڈووکیٹ، مینارٹی ونگ پنجاب کے صدر انجینئر شہزاد الٰہی، جنرل سیکرٹری جیمس ناز، عارف کھوکھر اور ڈینیئل سوہل بھی موجود تھے۔ شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامل علی آغا نے وکلاء برادری کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دروازے تمام ساتھیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، پرانے کارکن ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم تمام نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہیں گے اور انہیں پارٹی میں عزت و احترام دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والوں سے پاکستان مسلم لیگ مزید مستحکم، فعال اور مضبوط ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات