ساہیوال واقعہ، آئی جی پنجاب کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

جے آئی ٹی کو تین روز میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت، ڈی آئی جی ذولفقار حمید کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی میںآ ئی ایس آئی، ایم آئی، اور آئی بی کے ارکان بھی شامل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 جنوری 2019 17:33

ساہیوال واقعہ، آئی جی پنجاب کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جنوری2019ء) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس امجد سلیمی نے ساہیوال واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے،آئی جی نے جے آئی ٹی کو تین روز میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کردی، جے آئی ٹی میںآ ئی ایس آئی، ایم آئی، اور آئی بی کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس امجد سلیمی نے ساہیوال واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔آئی جی پنجاب پولیس نے جے آئی ٹی کوہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس نے جے آئی ٹی کو تین روز میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی ذولفقار حمید جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے۔

جبکہ جے آئی ٹی میںآ ئی ایس آئی، ایم آئی، اور آئی بی کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔ دوسری جانب ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں فائرنگ سے جاں بحق افراد کے ورثاء کے گھروں میں قیامت کا منظر ہے۔ اہلخانہ نے واقعے کیخلاف احتجاجاً فیروزپور روڈ دونوں اطراف سے بلاک کردی ہے۔ سڑک بلاک ہونے سے میٹروبس سمیت ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کورنگ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔واقعے میں ہلاک خلیل کے بھائی نے میڈیا کوبتایا کہ ہمیں دہشتگرد کہا جارہا ہے، ہم اس علاقے میں گزشتہ 30سال سے رہائش پذیر ہیں۔خلیل کی چونگی امرسدھو میں پرچون کی دکان ہے۔ہمارے چار افراد کو ناحق قتل کردیا گیا ہے۔ ذیشان، خلیل، نبیلہ اور اریبہ کو قتل کیا گیا۔ پولیس ہمارے پیاروں کی لاشیں بھی نہیں دے رہی۔ ہمارے باقی بچوں کو بھی ہمارے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ورثاء نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔