حکومت ایف بی آر کی جانب سے چھاپے مار کر ہراساںکرنے کے سلسلے کو فی الفور بند کرائے ‘آل پاکستان انجمن تاجران

بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کیا جائے ،تجارتی مراکز میں پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں‘ اشرف بھٹی

ہفتہ 19 جنوری 2019 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کی جانب سے چھاپے مار کر ہراساںکرنے کے سلسلے کو فی الفور بند کرائے ،23جنوری کو بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا جائے ، اعلان کے باوجود انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پارکنگ پلازوںکی تعمیر میں پیشرفت نہ ہونے پر تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندے بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں کو شک کی نگاہ کی دیکھنے کی پالیسی خود حکومت کیلئے سود مند نہیں۔ کسی بھی مارکیٹ میں چھاپے سے قبل متعلقہ ایسوسی ایشن او ریونین کے عہدیداروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پیشکش کر چکے ہیں کہ ہم مارکیٹوں کا سروے کرانے کیلئے تیار ہیں لیکن پہلے حکومت اپنی پالیسی واضح کرے ،چھوٹے تاجروں کیلئے فکس ٹیکس کا نظام لائے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ 23جنوری کے بجٹ میں ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس کے مکمل خاتمے کا اعلان بھی کر ے گی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پارکنگ کے مسائل کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو گیا ہے لیکن مطالبات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔