چائینز کمپنی کی بلدیہ جنوبی وشرقی میں جاری کام چھوڑہڑتال تیسرے روز بھی جاری

ہفتہ 19 جنوری 2019 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی چائینز کمپنی نے اپنے بلوں کی ادائیگی کے لیے بلیک میلنگ کرتے ہوئے بلدیہ شرقی وبلدیہ جنوبی میں تیسرے روز بھی کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھی ۔سرکاری سینی ٹیشن اسٹاف نے ہڑتال سے لاتعلقی کرتے ہوئے مسلسل تیسرے روز بھی سوئپنگ کا کام جاری رکھا البتہ فیول کی عدم فراہمی کے باعث سرکاری کچرہ گاڑیاں کھڑی رہیں ۔

بلدیہ جنوبی میں چند علاقوں میں کچرہ اٹھانے کے لیے شام گئے ڈاکٹر اے ڈی سنجنانی کی بطور ایم ڈی تقرری پر چائینز کمپنی نے کاروائی سے بچنے کے لیے 5گاڑیاں علاقے میں روانہ کردیں ۔لیکن ڈرائیور وں کی موجودگی کے باوجود بلدیہ جنوبی ،بلدیہ شرقی کی مشینری کو پھر بھی فیول جاری نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سیدذوالفقارشاہ ،جنرل سیکریٹری ملک نواز نے بلدیہ شرقی ،بلدیہ جنوبی کی انتظامیہ کی بے بسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ جنوبی اور بلدیہ شرقی کی عوام کو چائینز کمپنی کے رحم وکرم پر گندگی بھرے ماحول پر چھوڑدینا ایک المیہ ہے ۔

انہوں نے ایم ڈی سولڈ ویسٹ سے اس سلسلے میں نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر بلدیات کے باوجود تاحال بلدیہ شرقی میں کام شروع نہ ہونا وزارت بلدیات کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کو وزارت بلدیات کی ماتحتی میں دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔