کراچی:پی آئی اے طیارے کے ساتھ ڈرون طیارے کی پرواز

ْ فلائٹ پی کی-536 جب 4 ہزار 300 فٹ بلندی پر تھی تو اس سے 100 فٹ اوپر ایک ڈرون مختصر مدت کے لیے معلق ہوا واقعے کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے لیکن فی الحال پی آئی اے اس پر کچھ کہنے سے قاصر ہے، ترجمان

ہفتہ 19 جنوری 2019 19:45

کراچی:پی آئی اے طیارے  کے ساتھ ڈرون طیارے کی پرواز
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی طیارے کے ساتھ ایک اور عجیب واقعہ پیش آگیا۔کراچی ایئرپورٹ سے سکھر جانے والی پی آئی اے کی تجارتی پرواز کے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی اس کے اوپر ایک ڈرون معلق ہوگیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اے ٹی آر طیارے کی پی آئی اے فلائٹ پی کی-536 جب 4 ہزار 300 فٹ بلندی پر تھی تو اس سے 100 فٹ اوپر ایک ڈرون مختصر مدت کے لیے معلق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون ایک 3 فٹ کی گہری جامنی شے تھی اور یہ ایئرٹریفک کنٹرول کے راڈار پر بھی دیکھی گئی۔جس کے فوری بعد اس کی معلومات معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے طور پر پاک فضائیہ کو دی گئی۔ادھر پی آئی اے کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی کی-536 کے پائیلٹ نے اس ڈرون کا بہت قریب فاصلے سے مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طیارے نے باحفاظت سکھر میں لینڈ کیا اور وہ شیڈول کے مطابق شام میں واپس کراچی آگیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے لیکن فی الحال پی آئی اے اس پر کچھ کہنے سے قاصر ہے۔واضح رہے کہ دسمبر میں برطانیہ کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ گیٹ وک اپنا واحد رن وے کو مسلسل اس لیے بند کرنے پر مجبور ہوا تھا کیونکہ وہاں ڈرون نظر آئے تھے۔اس واقعے کے بعد ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا ملتوی کردی گئی تھیں اور ہزاروں افراد ایئرپورٹ پر پھنس گئے تھے جبکہ اس ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کو برطانیہ کے اطراف یا یہاں تک کہ پیرس اور ایمسٹرڈم موڑ دیا گیا تھا۔