Live Updates

بلاول کو سیاست کرنے کیلئے زرداری کی بجائے بھٹو بننا پڑے گا ، شیخ رشید

مجھے ذاتی فکر ہے بلاول کا مستقبل کیا ہوگا ، زرداری نے شہید بے نظیر کی شہادت سے سیاسی فائدہ اٹھایا ،شہباز شریف جتنی مرضی کوشش کرلیں ، این آر او نہیںملے گا ، وزیر ریلوے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے عمران خان ہی بہترین انتخاب ہیں ، ان کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، نئی مال گاڑیاں چلائی جائیں گی جن کا افتتاح25 جنوری کو کیا جائے گا، ملک میں مزید 7 بڑے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر نو کی جائے گی، سربراہ عوامی مسلم لیگ چوہدری برادران کی جماعت کہیں نہیں جارہی ، مستقبل میں ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ پاکستان دیکھ رہا ہوں ، پاکستان کے مستقبل سے مطمئن ہوں ، پبلک اکانٹس کمیٹی کا رکن بنوں گا آئین و قانون کے مطابق کوئی رکن بننے سے نہیں روک سکتا، رکن بن کر مسلم لیگ (ن) کا احتساب کروں گا ، لاہور میں پریس کانفرنس

ہفتہ 19 جنوری 2019 21:23

بلاول کو سیاست کرنے کیلئے زرداری کی بجائے بھٹو بننا پڑے گا ، شیخ رشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول کو سیاست کرنے کے لیے زرداری کے بجائے بھٹو بننا پڑے گا، زرداری نے شہید بے نظیر کی شہادت سے سیاسی فائدہ اٹھایا ،شہباز شریف جتنی مرضی کوشش کرلیں ، این آر او نہیںملے گا ، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے عمران خان ہی بہترین انتخاب ہیں اور ان کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر فکر ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا مستقبل کیا ہوگا، انہیں مستقبل میں سیاست کرنے کے لیے زرداری نہیں بلکہ بھٹو بننا پڑے گا۔شیخ رشید احمد نے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ شریک چیئرمین پی پی پی نے اپنی اہلیہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت سے سیاسی فائدہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے اے ایم ایل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ لیگی صدر جتنی چاہے کوشش کرلیں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ایک آدمی کو این آر او مانگتے دیکھا اور سنا ہے جو شہباز شریف ہے۔خیال رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزام میں اس وقت نیب کی حراست میں ہیں اور ان کے گھر کو ہی ذیلی جیل قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو پاکستانی معیشت بہتر نہیں تھی، تاہم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے عمران خان ہی بہترین انتخاب ہیں اور ان کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ قوم اور ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2 نئی مال گاڑیاں چلائی جائیں گی جن کا افتتاح رواں ماہ 25 جنوری کو کیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ ملک میں مزید 7 بڑے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر نو کی جائے گی۔شیخ رشید احمد نے قوم کو نوید سناتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ریلوے کا شکایتی سیل کھولا جارہا ہے۔جب ان سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا مسلم لیگ (ق) حکومت سے علیحدہ ہورہی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ چوہدری برادران کی جماعت کہیں نہیں جارہی۔

پاکستان کے مستقبل سے مطمئن دکھائی دیے اور کہا کہ میں مستقبل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کا دورہ کرتے دیکھ رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے جو سیاسی تجزیے کیے تھے وہ امریکا کو سمجھ آگئے ہیں اور اس نے بھی ان کی درستگی کا اعتراف کرلیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت سب کو معلوم ہوجائے گا کہ بیرونی سرماریہ کاری کیا ہے جب سعودی عرماں رواں سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حیران کن طور پر اپنے دوست ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور چین کی مدد سے آگے بڑھ رہا ہے اور ان شرائط کو نہیں مان رہا جو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ہم پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ پبلک اکانٹس کمیٹی کے رکن بنیں گے اور آئین و قانون کے مطابق کوئی انہیں رکن بننے سے نہیں روک سکتا۔میں پبلک اکانٹس کمیٹی میں شامل ہوکر مسلم لیگ (ن) کا احتساب کروں گا'۔انہوں نے مزید کہا کہ کیس جیتوں یا ہاروں، یہ عدالت کا معاملہ ہے، میں عمران خان پر بوجھ نہیں بننا چاہتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات