کرپشن کے مرتکب واپڈا ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،چوہدری خالد نذیر

کیمرہ ریڈنگ کے قیام کے بعد اوور بلنگ کی شکایات دم توڑ چکیں، میپکو صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،سپرنٹنڈنٹ انجینئر واپڈا بہاولنگر

ہفتہ 19 جنوری 2019 21:53

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای )واپڈا بہاولنگر چوہدری خالد نذیرنے کہا ہے کہ کیمرہ ریڈنگ کے قیام کے بعد اوور بلنگ کی شکایات دم توڑ چکی ہیں ۔ میپکو صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ کرپشن کے مرتکب واپڈا ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے میپکو کمپلیکس چشتیاں میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایکسین چشتیاں محمدحیات تونیو، ایس ڈی اوز محمدابرار دلشاد، اسدالله چنا، محمد ظفر ، محمد وقار اور زونل چیئرمین آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین ، چوہدری سہیل ستار اور دیگر شہری بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں سے قبل اوور لوڈنگ ٹرانسفارمر ز کی اپ گریڈیشن کردی جائے گی ۔

(جاری ہے)

شہر اور نواحی علاقوں میں ٹوٹے بجلی کے پولز کو فوری طور پر تبدیل کردیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں ٹرانسفارمر جلنے کی صورت میں علاقہ مکینوں سے پیسے وصول کرنے کی بجائے واپڈا اس کی مرمت کرانے اور تبدیل کرنے کا ذمہ دار ہے ۔ وولٹیج کی کمی بیشی اور دیگر شکایات ختم ہوچکی ہیں ۔ بجلی چوروں کا قلع قمع کرنے کیلئے واپڈا آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔

بجلی چور قومی مجرم ہیں انہیں کسی بھی صورت معاف نہیں کیاجائے گا۔ بجلی چوری کو پکڑنے کیلئے ٹاسک فورس ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں جو دن رات مختلف علاقوں کا دورہ کرکے چیکنگ میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ چشتیاں صارفین سو فیصد بل بروقت جمع کروارہے ہیں ۔ان کی شکایات کا فوری ازالہ محکمہ کی ذمہ داری ہے ۔ واپڈا کو کرپشن فری ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سخت آندھی ،طوفان، گرمی ،سردی اور بارش کے دوران میپکو ملازمین صارفین کی شکایات کو فوری حل کرنے کے علاوہ بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہیں ۔اس موقع پر شہر اور دیگر علاقوں سے آئے سائیلان و صارفین الله دتہ ، محمدرفیق، مختار احمد ، وسیم حسن ، غلام فرید ، عطا محمد ، میاں دلشاد متیانہ، میاں اکرم متیانہ، محمد جمشید ، محمد عامر رفیق اور صاحبزادہ محمدعابد و دیگران نے اپنی تحریری شکایات پیش کیں ۔ جس پر ایس ای بہاولنگرنے انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے عوامی حلقوںکی جانب سے کھلی کچہری میں مسائل کی بروقت ازالہ پر اقدام کو سراہا گیا