بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، رنگپور رائیڈرز کی فتح

سلہٹ سکسرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرا دیا، صابر رحمان کی 85 رنز کی دھواں دار اننگز رائیگاں، ریلی روسو کی 61 رنز کی عمدہ اننگز

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:00

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، رنگپور رائیڈرز کی فتح
سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز نے سلہٹ سکسرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 195 رنز کا ہدف ا?خری اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ریلی روسو نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، صابر رحمان کی 85 رنز کی دھواں دار اننگز رائیگاں گئی، تسکین احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کھیلے گئے بی پی ایل کے 21ویں میچ میں سلہٹ سکسرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 194 رنز بنائے، صابر رحمان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی، نکولاس پوران 47 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان ڈیوڈ وارنر 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مشرفی مرتضیٰ نے 2 اور شفیع الاسلام نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں رنگپور رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کیا، کرس گیل بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، ریلی روسو نے 61، اے بی ڈی ویلیئرز نے 34 اور ایلکس ہیلز نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا، فرحاد رضا 18 اور کپتان مشرفی 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، تسکین احمد نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔۔

متعلقہ عنوان :