Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ میانوالی،داؤد خیل تحصیل،2 ریسکیو سینٹر اورکیمپس کویونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان

میانوالی جس طرح قائدؒکا شہر ہے اس طرح میرا بھی شہر ہے ،ماڈل ضلع بنائیںگے،جدید ٹرانسپورٹ کا نظام بھی لایا جائیگا دریائے سندھ کے کٹاؤ کے باعث اراضی کو دریابرد ہونے سے بچانے کیلئے شیر شاہ سوری روڈ کے اردگرد سپربند بنایا جائیگا سمال ڈیمز کی تعمیر کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں اورنہر کس عمر کو پختہ کرنے کے حوالے سے فنڈفراہم کیے جائیںگے،اشتہاریوں کی فوری گرفتاری کیلئے مہم چلانے کا حکم،میانوالی ہسپتال میںنئی ایم آر آئی مشین دینگے،ادویات کی کمی بھی پوری ہوگی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی پولیس لائنز میں یادگار شہداء پر حاضری،پولیس کے دستے کی سلامی،مختلف شعبوں کا دورہ،پودا بھی لگایا

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:25

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ میانوالی،داؤد خیل تحصیل،2 ریسکیو سینٹر اورکیمپس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے داؤد خیل کو تحصیل بنانے،میانوالی میں دو نئے ریسکیو مراکزاورسرگودھا یونیورسٹی کیمپس اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک روزہ دورے پر میانوالی پہنچے ،اپنی آمد کے فوراً بعد وزیراعلیٰ نے پولیس لائنزمیں یادگار شہدا پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔

انہوںنے شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے دعابھی کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان ،صوبائی وزراء راجہ بشارت ،سبطین خان نے پولیس لائنز میانوالی میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔

صوبائی وزیر محسن لغاری، ایم این اے امجد خان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاںبیرم ہال میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے میانوالی کے لئے متعدد پراجیکٹس کا اعلان کیا ۔کمشنر سرگودھا ڈویژن نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میانوالی کو ہر لحاظ سے ماڈل ضلع بنائیںگے کیونکہ تحریک انصاف نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کے عوام کی خوشحالی کی جانب موڑ دیا ہے ۔

شہر میں ٹرانسپورٹ کاجدید نظام لایا جائے گا۔دریائے سندھ کے کٹاؤ کے باعث اراضی کو دریابرد ہونے سے بچانے کیلئے شیر شاہ سوری روڈ کے اردگرد سپربند بنایا جائے گا۔میانوالی میں سمال ڈیمز کی تعمیر کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں اورنہر کس عمر کو پختہ کرنے کے حوالے سے فنڈفراہم کیے جائیںگے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کیڈیٹ کالج عیسی خیل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی سکیموں کی تکمیل ،سوہاوا، چکوال،تلہ گنگ،میانوالی روڈ،مظفرگڑھ میانوالی روڈکی تکمیل اورسرگودھا روڈ کو دورویہ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیںگے اورسنگال روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کی انکوائری مکمل کر کے 12روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کیڈیٹ کالج سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیںاورقبضہ مافیاء کے خلاف مہم کے دوران واگزار کرائی اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنانے کیلئے زوننگ کی جائے اور تجاویز پیش کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں اوربنیادی مراکز صحت میں منظورشدہ خالی آسامیوں کو جلد پرکیا جائے ۔ میڈیکل افسرکی تعیناتی ترجیحی بنیادوں پر کی جانی چاہیے اوراس ضمن میں لوکل ہائرنگ کو ترجیح دی جائے ۔عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ڈاکٹروں کے الاؤنسز میں اضافہ کا حکم نامہ یکم جولائی سے نافذالعمل ہوگا ۔وزیراعلیٰ نے میانوالی میں پبلک ہیلتھ ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کانوٹس لیتے ہوئے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری معدنیات کو آئل این گیس ایریا کا دورہ کرکے مقامی آبادی کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے سفارشات طلب کرلیں۔انہوںنے میانوالی کے گرلز سکول اورکالجوں میں ضروری سہولتوں کی عدم دستیابی کے بارے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن اورسیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے داؤد خیل کو تحصیل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کوفوری طورپراقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میںسینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء راجہ بشارت، سبطین خان، محسن لغاری، رکن قومی اسمبلی امجد علی خان، اراکان پنجاب اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔بعدازاں سرگودھا ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزموں کی فوری گرفتاری کے لئے خصوصی مہم چلانے کا حکم دیا۔

انہوںنے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھر پور مہم چلائی جائے اور بھرپورطریقے سے کارروائی یقینی بنائیں۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اورامن و امان کو برقرار رکھنا ہماری ترجیحات میں اولین ہیں۔پولیس لائنز میں میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میانوالی کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیںگے اورمیانوالی جس طرح قائد کا شہر ہے میرا بھی شہر ہے ۔

منتخب نمائندوں کی سفارش پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔میانوالی اورڈیرہ غازی خان کے ہلی ایریا میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیںگے۔انہوںنے کہا کہ میانوالی ہسپتال میں ایم آرآئی مشین فراہم کریںگے۔ادویات کی کمی بھی پوری کی جائے گی۔ہیلتھ اورایجوکیشن کے منصوبے مکمل طورپر شفاف ہوںگے میںمیانوالی کے ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طورپر نگرانی کروں گا۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ میانوالی میںمیڈیکل کالج کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیاجارہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات