ساہیوال واقعہ، ڈی سی ساہیوال نےسی ٹی ڈی کا مزاحمت کا دعویٰ مسترد کردیا

کار سواروں نے پولیس کے خلاف کوئی مزاحمت نہیں کی،ڈپٹی کمشنرساہیوال کا بیان، جبکہ سی ٹی ڈی نے گاڑی سے مزاحمت کا دعویٰ کیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 جنوری 2019 19:26

ساہیوال واقعہ، ڈی سی ساہیوال نےسی ٹی ڈی کا مزاحمت کا دعویٰ مسترد کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جنوری2019ء) ساہیوال واقعے پر ڈی سی ساہیوال نے سی ٹی ڈی کا مزاحمت کا دعویٰ مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارسواروں نے پولیس کے خلاف کوئی مزاحمت نہیں کی،جبکہ سی ٹی ڈی نے گاڑی سے مزاحمت کا دعویٰ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ساہیوال واقعے پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ڈی سی ساہیوال نے سی ٹی ڈی کا مزاحمت کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کارسواروں کی جانب سے پولیس کے خلاف کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے ساہیوال واقعے کی رپورٹ آئی جی پنجاب امجد سلیمی کوبھجوا دی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ساہیوال واقعے میں ہلاک دہشتگردوں کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ حساس ادارے دہشتگردوں کو ٹریس کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب حساس ادارے نے روکنے کی کوشش کی توفائرنگ کردی گئی۔ سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

جبکہ تین دہشتگرد فرار ہوگئے۔ اس کے برعکس عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی، ایلیٹ فورس نے ایک گاڑی کو روکا اور فائرنگ شروع کردی، پولیس نے کار میں سوار بچوں کو قریبی پیٹرول پمپ پر چھوڑ دیا، جہاں سے سی ٹی ڈی نے بچوں کو تحویل میں لے لیا۔ مزید برآں ساہیوال میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک افراد کے اہلخانہ نے فیروزپور روڈ پرچونگی امرسدھو میٹرواسٹیشن کے قریب احتجاج کیا ہے،واقعے کے خلاف احتجاج کے دوران شرکاء نے فیروزپورروڈ بلاک کردی، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا،ورثاء پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے میں ہلاک خلیل کے بھائی نے میڈیا کوبتایا کہ ہمیں دہشتگرد کہا جارہا ہے ، ہم اس علاقے میں گزشتہ 30 سال سے رہائش پذیر ہیں۔ خلیل کی چونگی امرسدھو میں پرچون کی دکان ہے۔ بھائی خلیل نے کہا ہے کہ پولیس ہمارے پیاروں کی لاشیں بھی نہیں دے رہی۔ ہمارے باقی بچوں کو بھی ہمارے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ورثاء نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔