ہاشم آملہ کی 15 ماہ بعد پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سنچری

سٹار اوپنر انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے چھٹے بلے باز بن گئے

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:40

ہاشم آملہ کی 15 ماہ بعد پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سنچری
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کی 15 ماہ بعد پہلی اور مجموعی طور پر 27ویں سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی آملہ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے چھٹے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

ہفتہ کو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں آملہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی، وہ 108 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، یہ ان کی اکتوبر 2017ء کے بعد پہلی اور مجموعی طور پر کیریئر کی 27ویں ون ڈے سنچری ہے، آملہ زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں، ٹنڈولکر 49 سنچریاں بنا کر سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی 39 سنچریوں کے ساتھ دوسرے، رکی پونٹنگ 30 سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور جے سوریا 28 سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آملہ انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے چھٹے بلے باز بھی بن گئے ہیں، انہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 55 سنچریاں بنا کر سابق سری لنکن بلے باز جے وردھنے کی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، جنہوں نے 54 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ آملہ نے ون ڈے میں 27 اور ٹیسٹ میں 28 سنچریاں بنا رکھی ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 100 سنچریاں بنا رکھی ہیں، پونٹنگ 71 سنچریوں کے ساتھ دوسرے، کوہلی 64 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، سنگاکارا 63 سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور جیک کیلس 62 سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔