ْبھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:57

ْبھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور کشمیر پر سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر خلاف ورزیاں کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہوں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی مبصر یونٹ کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کو تیار نہیں جو بھارتی ہٹ دھرمی کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اور موثر طریقے سے اجاگر کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔