پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں 5وکٹوں سے شکست دیدی

محمد حفیظ اور امام الحق کی نصف سنچریاں ،ہاشم آملا کی سنچری رائیگاں، جنوبی افریقہ میں اب تک کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 جنوری 2019 23:44

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں 5وکٹوں سے شکست دیدی
پورٹ ایلزبتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری2019ء) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 5وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اورسکور بورڈ پر 2 وکٹ 266 رنز کا مجموعہ سجایا۔پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اورپہلی وکٹ پر 45 رنز کی شراکت قائم کی،فخر زمان اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میںباﺅنڈری لائن پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر امام الحق نے بابراعظم کے ساتھ مل کر 94 رنز کی شراکت قائم کی اوراس دوران امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی،139 کے سکور پر بابر اعظم 49 رنز بناکر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

سرفراز الیون کی تیسری وکٹ اوپنر امام الحق کی گری،86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلے والے اوپنر کو اولیور نے ہینڈرکس کی مدد سے قابو کرلیا،انہوں نے 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے،گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 218 رنز پر گری جب شعیب ملک 12 رنز بناکر پریٹورئیس کا شکار بن گئے،کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر دھوکا دے گئے، 223 کے سکور پر عمران طاہر نے صرف 1 رن پر میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کی شاندارسنچری اور پہلا میچ کھیلنے والے ون ڈاﺅن بیٹسمین وین ڈر ڈرڈسن کی 93 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت مقررہ 50اوورز میں 266رنز بنائے۔ پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا جس کے بعد ہاشم آملا اور ریزا ہینڈرکس نے اننگزکا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے82رنز کی شراکت داری قائم کی جسکے بعد ہینڈرکس45رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ،ہاشم آملا اور وین ڈرڈسن نے دوسری وکٹ کے لیے 155رنز جوڑے جسکے بعد وین ڈر ڈسن 93رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے ، ہاشم آملانے اپنے ون ڈے کیریئر کی27ویں سنچری مکمل کی اور جنوبی افریقہ نے 50اوورز میں2وکٹیں کھو کر266رنز سکور کیے ،آملا108اور ڈیوڈ ملر16رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔

قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز کا بدلنے لینے کے لیے پرعزم ہے۔قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، بابراعظم، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمد حفیظ، شاداب خان، شعیب ملک اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم ہاشم آملہ، ہینڈرکس، وینڈیر ڈیوسن، ڈوپلیسی، کلاسن، ربادا، پریٹوریس، اولیویر اور عمران طاہر کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پورٹ الزبتھ میں کوئی میچ نہیں ہارے، امید ہے آج بھی جیتیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم نے رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور جنو بی افریقہ کےخلاف ون ڈے سیریز میں فخر زمان کو اہم ترین رول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم مینجمنٹ نے قومی ٹیم کے اوپنر کو کینگرو بلے باز ڈیوڈ وارنر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے انداز میں بلے بازی کرنےکی ہدایت کی ہے، ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ءکی طرح ورلڈکپ میں بھی فخر زمان ہی قومی ٹیم کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کادوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائےگا، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائےگا، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائےگا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائےگا۔ اسکے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائےگا، دوسرا میچ 3 فروری کو جو ہانسبرگ میں کھیلا جائےگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائےگا۔