نیب کی حراست میں موجود شہباز شریف پر ایک اور مصیبت

شہباز شریف کے خلاف لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 20 جنوری 2019 11:09

نیب کی حراست میں موجود شہباز شریف پر ایک اور مصیبت
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2019ء) : نیب کی حراست میں موجود مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی حراست میں موجود سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر ایک اور مصیبت آن پڑی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف لاہورہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی جس میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے خلاف ڈولفن فورس کی تشکیل میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کروانے کی استدعا کی گئی ہے ۔

یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں آصف محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، نیب حکام ،شہباز شریف اور دیگر کو فریق بناکر مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے ڈولفن فورس کی تشکیل میں کرپشن کر کے کمیشن کھایا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ ڈولفن فورس تشکیل دے کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

فورس کی موٹر بائیکس، ہیلمٹ اور ہتھیار مارکیٹ سے مہنگے داموں خریدے گئے جبکہ ڈولفن فورس کی تشکیل کے بعد جرائم میں کمی ہونے کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف نیب کو تفتیش کرنے ، ڈولفن فورس کے اہلکاروں سے جدید ہتھیار واپس لینے اور چھڑی اور الیٹرک راڈ دینے کا حکم دیا جائے ۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف پہلے بھی کئی اسکینڈلز کی تحقیقات جاری ہیں جن میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور صاف پانی اسکینڈل شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نیب کی حراست میں ہیں اور مختلف اسکینڈلز میں نیب کی ٹیم ان سے تحقیقات کر رہی ہے۔