امام الحق کے پاس فخر زمان کا تیز ترین ہزا ر ون ڈے رنزبنانیکا ریکارڈ برابر کرنیکا موقع

اوپنر کو دوسرے ون ڈے میں95رنز درکار ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 جنوری 2019 14:07

امام الحق کے پاس فخر زمان کا تیز ترین ہزا ر ون ڈے رنزبنانیکا ریکارڈ ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کے پاس ساتھی کھلاڑی فخر زمان کا تیز ترین ہزا ر ون ڈ ے رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ برابر کرنے کا موقع آگیا ہے ۔ 23سالہ امام الحق اب تک17میچز میں64.64کی اوسط سے905رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 4سنچریاں اور4نصف سنچریاں شامل ہیں ،انہوں نے 82.12کے سٹرائیک ریٹ سے یہ رنز سکور کیے ہیں ،اگر امام الحق منگل کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں شیڈول دوسرے ون ڈے میں 95رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ اپنے ساتھی اوپنر فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 1000رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ برابر کردیں گے ، فخر زمان نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف پانچویں ون ڈے کے دوران اپنی 18ویں اننگز میں ہزار ون ڈے رنز مکمل کرکے عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز کا 38سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا ،سر ویوین رچرڈز نے21اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن،برطانوی ٹاپ آرڈر بلے باز جوناتھن ٹروٹ ،جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک اور پاکستان کے بابر اعظم نے ان کا ریکارڈ برابر کیا تھا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کادوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائےگا، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائےگا، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائےگا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائےگا۔ اسکے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائےگا، دوسرا میچ 3 فروری کو جو ہانسبرگ میں کھیلا جائےگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائےگا۔