مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی،گوجرانولہ،لاہور ڈویژنز،کشمیر اورگلگت بلتستان میں آج اکثر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ مردان،سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، میرپور خاص اور ٹھٹھہ ڈویژنز میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

اتوار 20 جنوری 2019 14:40

مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی،گوجرانولہ،لاہور ڈویژنز،کشمیر اورگلگت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آج (پیر کو)مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی،گوجرانولہ،لاہور ڈویژنز،کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکثر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ مردان،سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، میرپور خاض اور ٹھٹہ ڈویژنز میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر درمیانی اور بعض پر شدید بارش کا امکان ہے۔مالاکنڈ ڈویژن(سوات، چترال،کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔ اتوار کو محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔

(جاری ہے)

تاہم مالاکنڈ، ہزارہ،کوئٹہ،مکران ڈویژنز،کشمیر اورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ پشاور،سبی، راولپنڈی،گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژنز میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بلو چستان میںپسنی میں 28 ملی میٹر،کوئٹہ 05، خیبر پختونخوا میں کالام17،دیر15، پٹن11، دروش09، میرکھانی08، مالام جبہ07، لوئیر دیر، بالاکوٹ04، چترال 03،سیدو شریف02،گلگت بلتستان میں بگروٹ06، اسکردو05، ہنزہ، چلاس 02،کشمیر میں مظفرآباد02،گڑھی دوپٹہ میں 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کالام میں 09، اسکردو، بگروٹ، چترال، مالم جبہ 02 اور گلگت میں 01 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

اتوار کو ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق گوپس اوربگروٹ کا درجہ حرارت منفی 07،اسکردو منفی 06، استور، ہنزہ منفی 05،کالام، پارہ چنار منفی 04، مالم جبہ منفی 03،دروش منفی 02 اور راولاکوٹ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔