Live Updates

ملک کو جتنا نقصان نیب نے پہنچایا ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ، شاہد خاقان عباسی

فوجی عدالتوں میں توسیع ایک مشکل فیصلہ ہے ، حکومت معاملے پر پارلیمنٹ میں آکر بات کرے، سابق وزیر اعظم کا انٹرویو

اتوار 20 جنوری 2019 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کے اتحاد کو ملک کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں جمود نہیں ہوتا ،مقصد نہیں بدلنا چاہیے ،ملک کو جتنا نقصان نیب نے پہنچایا ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا،فوجی عدالتوں میں توسیع ایک مشکل فیصلہ ہے ، حکومت معاملے پر پارلیمنٹ میں آکر بات کرے ۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ سیاست میں جمود نہیں ہوتا تاہم مقصد نہیں بدلنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ حزب اختلاف کا اتحاد ملک کی ضرورت ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے شخصی طرز حکمرانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کو پارلیمنٹ میں زیادہ بار آنا چاہئے تھا اور کابینہ کے اجلاس بھی زیادہ ہونے چاہئیں تھے، تاہم انہوں نے اپنے وزرا کے کام میں کبھی مداخلت نہیں کی اور ہر وزیر کو کام کرنے کی آزادی دی۔

(جاری ہے)

موروثی سیاست کے بارے میں ان کا نکتہ نظر تھا کہ پوری دنیا میں یہ چیز رائج ہے، بھارت اور امریکہ میں بھی موروثیت موجود ہے تاہم قائد کی ذاتی صلاحیتیں اہم ہوتی ہیں۔ مریم نواز نے نہ ہی جماعتی اور نہ ہی حکومتی عہدہ رکھا ہے، اس کے باوجود عام کارکن انہیں اہمیت دیتے ہیں، ان کیلئے سیاست میں جگہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ ضرور ہونا چاہیے لیکن اس کے لیے جو طریقہ اپنایا جا رہا ہے اس سے مقصد حاصل نہیں ہو گا کیونکہ اسے انتقامی کارروائی سمجھا جا رہا ہے۔

نیب ایک کالا قانون ہے اس کے قوانین میں تبدیلیوں کے لیے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے آج تک کسی ایک بھی شخص کو سزا نہیں دی، ملک کو جتنا نقصان نیب نے پہنچایا ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔فوجی عدالتوں کے بارے میں انہوںنے کہا کہ یہ ایک اچھا قانون نہیں ہے، فوجی عدالتوں میں توسیع ایک مشکل فیصلہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں آ کر اس بارے میں بات کرے تاکہ سیاسی جماعتیں کوئی فیصلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو اپنے دائرے میں رہتے ہوئے اصلاح کرنی چاہیے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت کوئی بھی بیوروکریٹ کام کرنے پر تیار نہیں ہے کیونکہ اسے نیب اور عدالتوں کا غیرضروری خوف ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے بارے میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہوں نے صرف باتیں کی ہیں، انہوں نے نہ کوئی کارکردگی دکھائی اور نہ ہی حکومت کی کوئی سمت نظر آئی ہے، انہوں نے جھوٹ بول کر معیشت کو کسادبازاری کا شکار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 30 ارب کی برآمدات اور 7 فیصد شرح نمو کی ضرورت ہے، اس کیلئے تمام فریقین کو مل بیٹھنا چاہیے۔این ایف سی ایوارڈ کے متعلق ان کی رائے تھی کہ اگر اسے ختم بھی کر دیا جائے اور وفاق پورے پیسے اپنے پاس رکھ لے پھر بھی معیشت کو کوئی فرق نہیں پڑیگا۔اسد عمر کو مشورہ دینے کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی توجہ معیشت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات