پی آئی اے نے سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا کے لئے اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا

اتوار 20 جنوری 2019 21:10

پی آئی اے نے سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا کے لئے اپنی پروازوں کا آغاز ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی ای) نے سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا کے لئے اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اتوار کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 769 سے 290 مسافروں کو لے کر 45۔2 بجے روانہ ہوئی جبکہ اس سے قبل پیرس اور بارسلونا سے پی کے 720 دوپہر 12 بجے 312 مسافروں کو لے کر سیالکوٹ پہنچی۔

پرواز کی آمد پر مسافروں نے ایئر پورٹ پر پی آئی اے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ وفاقی وزیر ہوابازی اور نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت اور پی آئی اے اور سیالکوٹ ایئر پورٹ کے اعلی افسران نے مسافروں کا استقبال اور الوداع کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو نے کہا کہ سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا کے لئے براہ راست رابطہ فراہم کرنے پر پی آئی اے بلاشبہ مبارکباد کی مستحق ہے اور میں پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب سیالکوٹ سے کارگو کی ترسیلات میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس ضمن میں حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ ایوی ایشن پالیسی کی تجدید پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی ایئر لائنوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنے پیغام میں پی آئی اے کے کارکنوں کو پرواز کے اجراء پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی آئی اے کی ترقی کے آئندہ بھی مزید اقدامات کر رہے ہیں۔

عثمان ڈار نے اپنے خطاب میں پی آئی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی اس کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ افتتاحی تقریب میں ایئر کموڈور شاہد قادر، ڈسٹرکٹ منیجر سیالکوٹ محمد عارف، سٹیشن منیجر طارق گلزار اور منیجر تعلقات عامہ اطہر اعوان، ایوی ایشن حکام، اے ایس ایف اور سیال ایئر پورٹ کے حکام نے شرکت کی۔