ساہیوال واقعہ: ن لیگ نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی

ساہیوال میں نہتے شہریوں کا بچوں کے سامنے قتل عوامی نوعیت کا اہم ترین مسئلہ ہے ،متن

اتوار 20 جنوری 2019 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) نے ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی۔مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التوا پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور ایاز صادق کے دستخط موجود ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ساہیوال میں نہتے شہریوں کا بچوں کے سامنے پولیس فائرنگ سے قتل فوری، عوامی نوعیت کا اہم ترین مسئلہ ہے، اس واقعے پر ایوان میں بحث کرائی جائے اور حکومت سے جواب طلب کیا جائے۔تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت سے جواب طلب کیا جائے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے بنیادی انسانی، قانونی حق میں کیوں ناکامی ہوئی۔اس کے علاوہ ن لیگ نے قومی اسمبلی کے رولز آف بزنس کے قاعدہ 110کے تحت اس مسئلے کو ایوان میں فوری زیر بحث لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔