Live Updates

وزیراعظم عمران خان کو بھارتی سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو کا خط

کرتار پور راہداری سے متعلق اہم تجاویزپیش کیں، زائرین کیلئے سودا سلف کیلئے روایتی بازار بنائے جائیں، زائرین کے لنگر کیلئے مقدس زمین پرمقامی پھل اورسبزیاں کاشت کی جائیں، زائرین کیلئے مقدس مٹی پر قدم رکھنے کا شرف حاصل کرنے کیلئے پکی سڑکیں بنانے سے گریز کیا جائے۔ خط کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 جنوری 2019 21:50

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان کو بھارتی سابق کرکٹر اور کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری سے متعلق اہم تجاویز بھجوا دیں،  نوجوت سندھ سدھو نے خط میں اظہار کیا کہ زائرین کیلئے سودا سلف کیلئے روایتی بازار بنائے جائیں، زائرین کے لنگر کیلئے مقدس زمین پرمقامی پھل اورسبزیاں کاشت کی جائیں، زائرین کیلئے مقدس مٹی پر قدم رکھنے کا شرف حاصل کرنے کیلئے پکی سڑکیں بنانے سے گریز کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سابق کرکٹر اور کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کے نام ارسال کردہ خط میں کرتارپور کوریڈور کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی ہیں۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ یہ دھرتی سکھوں کیلئے مقدس ترین زمین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوریڈور پر ترقیاتی منصوبوں کے وقت کرتار پور کے تقدس کا خاص خیال رکھا جائے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کوریڈور پر روایتی بازار بنائے جائیں، جہاں سے زائرین سودا سلف لے سکیں۔

خط میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ اس مقدس زمین پر مقامی پھل اور سبزیاں کاشت کیں جائیں جو زائرین کیلئے لنگر میں استعمال کی جاسکیں۔ خط میں کہا گیا کہ کرتار پورکوریڈور میں پکی سڑکیں بنانے سے گریز کیا جائے تاکہ زائرین پیدل چلتے ہوئے مقدس مٹی پر قدم رکھنے کا شرف حاصل کرسکیں۔ خط کے متن کے مطابق زائرین کیلئے بنائے جانے والے بازار اور دیگر سہولت گھر ماحول دوست ہونا چاہیے۔

مزید تجویز پیش کی گئی کہ صفائی ستھرائی سمیت کچرا اٹھانے کا بھی مناسب انتظام کیا جائے۔ خط میں سندھو نے کہا کہ ہمیں مقامی فنکاروں کو اس مقدس دھرتی سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے مناسب انتظام کرنا چاہئے۔ واضح رہے پاکستان کی طرف سے کرتار پور کوریڈور کی تعمیرکا کام تیزی سے جاری ہے، دریائے راوی پر800 میٹرطویل پل کی تعمیرکے لئے بنیادی ڈھانچہ مکمل کرلیا گیا جبکہ دربارصاحب سے زیرولائن تک سڑک کی لائننگ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ مگر بھارت کی طرف سے کوریڈورکی تعمیرکے حوالے سے تاحال کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات