Live Updates

عمران خان کا مخالفین کوسیاسی میدان میں بھرپورجواب دینے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان27 جنوری کو میانوالی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے، عمران خان کا بطور وزیراعظم یہ پہلا عوامی جلسہ ہوگا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 جنوری 2019 22:08

عمران خان کا مخالفین کوسیاسی میدان میں بھرپورجواب دینے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ملک کی کشیدہ سیاسی صورتحال پر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، عمران خان 27 جنوری کو میانوالی میں جلسے سے خطاب کریں گے، عمران خان کا بطور وزیراعظم یہ پہلا عوامی جلسہ ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عطااللہ شادی خیل نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی حربوں کا جواب دینے کیلئے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو میانوالی میں جلسے کی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان 27 جنوری کو میانوالی میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان 27 جنوری کو نمل یونیورسٹی میانوالی میں بھی جائیں گے۔ جلسے سے قبل وزیراعظم نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی میانوالی کا دورہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے عمران خان کے آبائی شہر میانوالی کیلئے متعدد ترقیاتی منصونوں کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے داوٴد خیل کو تحصیل بنانے،میانوالی میں دو نئے ریسکیو مراکزاورسرگودھا یونیورسٹی کیمپس اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی کو ہر لحاظ سے ماڈل ضلع بنائیں گے کیونکہ تحریک انصاف نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کے عوام کی خوشحالی کی جانب موڑ دیا ہے ۔شہر میں ٹرانسپورٹ کاجدید نظام لایا جائے گا۔دریائے سندھ کے کٹاوٴ کے باعث اراضی کو دریا برد ہونے سے بچانے کیلئے شیر شاہ سوری روڈ کے اردگرد سپربند بنایا جائے گا۔میانوالی میں سمال ڈیمز کی تعمیر کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں اورنہر کس عمر کو پختہ کرنے کے حوالے سے فنڈفراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کیڈیٹ کالج عیسی خیل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی سکیموں کی تکمیل ،سوہاوا، چکوال،تلہ گنگ،میانوالی روڈ،مظفرگڑھ میانوالی روڈکی تکمیل اورسرگودھا روڈ کو دورویہ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اورسنگال روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کی انکوائری مکمل کر کے 12روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کیڈیٹ کالج سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اورقبضہ مافیاء کے خلاف مہم کے دوران واگزار کرائی اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنانے کیلئے زوننگ کی جائے اور تجاویز پیش کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں اوربنیادی مراکز صحت میں منظورشدہ خالی آسامیوں کو جلد پرکیا جائے ۔ میڈیکل افسرکی تعیناتی ترجیحی بنیادوں پر کی جانی چاہیے اوراس ضمن میں لوکل ہائرنگ کو ترجیح دی جائے ۔عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ڈاکٹروں کے الاوٴنسز میں اضافہ کا حکم نامہ یکم جولائی سے نافذالعمل ہوگا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات