پاکستان چائے درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک

پیر 21 جنوری 2019 11:28

پاکستان چائے درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان چائے درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے جو سالانہ 54 ارب روپے کی چائے کی پتی درآمد کرتا ہے۔ پاکستان دنیا کے 17 مختلف ممالک سے چائے درآمد کرتا ہے تاکہ چائے کی مقامی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے مانسہرہ ، بٹگرام ، سوات اور آزاد کشمیر میں 64 ہزار ایکڑ رقبہ کو چائے کی کاشت کے لئے موزوں قرار دیا ہے۔

ان علاقوں میں چائے کی کاشت سے درآمدی بل میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو سکتی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں چائے کی کاشت کے فروغ سے سالانہ 10 ٹن چائے کی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے جس سے چائے کی درآمدات میں نمایاں کمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے تاہم اس کے لئے چائے کی کاشت کے پیداواری اخراجات میں کمی کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں کو چائے کی پیداوار کے حصول کے لئے تیار کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران چائے کی درآمدات میں 8.63 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران 250.413 ملین ڈالر مالیت کی چائے درآمد کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2017ء کے دوران 230.509 ملین ڈالر مالیت کی چائے کی پتی درآمد کی گئی تھی۔