Live Updates

وزیراعظم عمران خان گلوبل تھنکرز کی عالمی فہرست میں شامل

عالمی جریدے فارن پالیسی نے گلوبل تھنکرز 2019ء کی فہرست جاری کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 جنوری 2019 11:27

وزیراعظم عمران خان گلوبل تھنکرز کی عالمی فہرست میں شامل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2019ء) : وزیراعظم پاکستان عمران خان گلوبل تھنکرز 2019ء کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی جریدے فارن پالیسی نے گلوبل تھنکرز 2019ء کی فہرست جاری کر دی۔ عالمی میگزین کی اس فہرست میں وزیراعظم عمران خان کا نام بھی شامل ے۔ عالمی جریدے میں کہا گیا کہ عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو مالی اور قرضوں کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ میگزین نے عمران خان کی تصویر سرورق پرشائع کی ۔ عمران خان کو درپیش مشکلات پر مختصر مگر جامع تبصرے میں امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر کو 22 سالہ جدوجہد کا پھل وزارت عظمیٰ کی صورت میں ملا۔تاہم وزارت عظمٰی سنبھالنے کے بعد عمران خان کو سخت مشکلات کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے اور انہیں اقتدار کے آغاز میں ہی مالیاتی مسائل اور قرضوں جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی جریدے کی عالمی مفکرین کی فہرست میں اِس سے قبل ملالہ یوسف زئی سمیت کئی پاکستانیوں کا نام شامل کیے جاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو عالمی سطح پر کافی شہرت حاصل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو ایشیا کے پچاس پُر کشش ترین افراد کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا، یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے اور عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد حکومت کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ان مشکلات میں سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا تھا جس پر قابو پانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے کئی دوست ممالک سے مدد حاصل کرنے کی کوشش کی اور کافی حد تک کامیاب بھی ہوئے۔ملک کو معاشی بحران کے خدشے سے نکالنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور ان کی کابینہ تاحال کوششیں کر رہی ہے جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور ان کی ٹیم کا نمایاں کردار ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا عالمی جریدے نے انہیں مسائل کا تذکرہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات