Live Updates

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے درخواستیں دائر

درخواستیں خرم شیر زمان اور عثمان ڈار کی جانب سے دائر کی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 جنوری 2019 11:48

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کی گئیں۔ درخواستیں آصف زرداری کے امریکہ میں مبینہ فلیٹ کی دستاویزات اور ظاہر نہ کیے جانے پر ان کے اثاثوں کی تفصیلات ساتھ جمع کروائی گئی ہیں۔

درخواستوں میں سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کی آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت تاحیات نا اہلی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواستوں میں آصف علی زرداری کی جانب سے چھُپائے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری نے بیرون ملک کروڑوں روپے کی جائیداد بنائی لیکن اپنے اثاثے چھُپائے۔ آصف زرداری کے نیویارک میں مین ہیٹن اپر ایسٹ میں پانچ لاکھ 30 ہزار ڈالر مالیت کے اپارٹمنٹس کی تفصیلات بھی درخواست کے ساتھ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ قبل ازیں رواں ماہ 10 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکریں گے، سندھ کے لوگ تیارہوجائیں آصف زرداری کی وکٹ اُڑنے والی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیر علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آصف علی زرداری کی امریکہ میں موجود مبینہ جائیدادوں کی دستاویزات کی تصاویر بھی شیئرکی تھی۔ واضح رہے کہ آصف علی زرداری 25 جولائی 2018ء کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 213 نواب شاہ سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات