شہدائے گائوکدل کی 29 ویں برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

بھارتی پولیس نے یاسین ملک اور ظفر اکبربٹ سمیت متعدد حریت رہنمائوںکو گرفتار کرلیا

پیر 21 جنوری 2019 12:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںسانحہ گائوکدل کے شہداء کی 29 ویںبرسی کے موقع پرپیر کو مکمل ہڑتال کی گئی۔بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور ظفر اکبربٹ سمیت متعدد حریت رہنمائوںکو سانحہ گائوکدل کی برسی کے موقع پر مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گرفتار کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس اہلکاروںنے سانحہ گائوکدل کی29 ویں برسی کے موقع پر احتجاجی پروگراموں کی قیاد ت سے روکنے کیلئے محمد یاسین ملک کو سرینگر میںان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔ پولیس نے ظفراکبربٹ، ہلال احمد وار اور شکیل بٹ سمیت متعد د حریت رہنمائوں کو بھی سرینگر میں ان کے گھروں سے گرفتار کرلیا ہے ۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سانحہ گائوکدل کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گائوکدل ، بسنت باغ، کنہ کدل، چھوٹا بازار، بڈشاہ چوک اور سرینگر کے دیگر علاقوں میں ہڑتال اور گائوکدل کی طرف مارچ کی کال دی ہے اس موقع پر گائوکدل میں ایک عوامی جلسہ بھی منعقد ہوگا۔