اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے،اشرف صحرائی

پیر 21 جنوری 2019 12:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںتحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کرے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے حالیہ بیان کہ ’’عالمی ادارے نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے‘‘ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کومسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے جاری قتل عام کے پیش نظر یہ توقع کی جارہی تھی کہ عالمی ادارہ بلا امتیاز انسانی ہمدردی کے اصول کے تحت تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرے گا تاہم اب تک وہ اپنے چارٹر کے مطابق کوئی بھی کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اشرف صحرائی نے کہاکہ عالمی ادارے کو کشمیریوں سے کئے جانے والے وعدوں کو پوراکرنا چاہیے ۔

انہوںنے عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پرزوردیا کہ وہ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی حالیہ رپورٹ پر عملدرآمد کرائے جس میںمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دینے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی ساکھ بحال ہو سکے ۔ ادھر اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے 3 نوجوانوں عامر شفیع بٹ ، محمد شفیع میر اور سہیل احمد وگے کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ تحت وادی سے باہر جیلوں میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے کہ تینوں نوجوانوں کو 2 ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیری طالبعلموں کا تعلیمی مستقبل دانستہ طورپر تاریک کرنے کے درپے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارتی حکومت دانستہ طورپر کشمیری طلبہ کا مستقبل تاریک کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف انہیں تعلیم اور کمپیوٹر کی طرف توجہ دینے کے بھاشن دیے جاتے ہیں۔دریں اثناء امیر حمزہ اور سید امتیاز حیدر پر مشتمل تحریک حریت کے ایک وفد نے حریت رہنمائوں نثار حسین راتھراورمشتاق الاسلام کے گھر جا کر ان کی رہائی پر انہیں مبارکباد دی ۔