اگر کلبھوشن یادیو کو زندہ گرفتار کیاجا سکتا ہے تو ذیشان کو کیوں نہیں؟

معروف صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے سوال اُٹھا دیا ، حکومت پر بھی تنقید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 جنوری 2019 12:18

اگر کلبھوشن یادیو کو زندہ گرفتار کیاجا سکتا ہے تو ذیشان کو کیوں نہیں؟
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2019ء) : سانحہ ساہیوال میں ہلاک ہونے والے ذیشان کو سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگرد قرار دئے جانے کے معاملے پر معروف صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے اہم سوال اُٹھا دیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں حامد میر نے کہا کہ اگر ذیشان دہشت گرد تھا تو اسے زندہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ اگر کلبھوشن یادیو زندہ گرفتار ہو سکتا ہے تو ذیشان کیوں نہیں؟ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس نے مقتولین کے ورثا کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف کاٹی اور سی ٹی ڈی والوں کی ایف آئی آر میں ایک مقتول کو نامزد کر دیا یہ بدنیتی ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کی جانب سے سانحہ کی جو ایف آئی آر درج ہوئی ہے وہ نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوئی ہے حالانکہ لواحقین چاہتے تھے کہ ایف آئی آر کارروائی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف درج ہو، ان پولیس اہلکاروں کےخلاف درج ہو جنہوں نے ان کے پیاروں کو مارا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے برعکس سی ٹی ڈی نے لاہور میں جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں ذیشان نامی شخص کو نامزد کر دیا ہے۔ یہ ایک انتہائی تشویشناک بات ہے۔ حکومت کے لیے اس پر تشویش کا پہلو چھُپا ہوا ہے کیونکہ ایک طرف حکومت کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلٰی صاحب دکھی ہیں ہم ذمہ داران کو عبرت کا نشان بنا دیں گے لیکن اس پر ستم ظریفی یہ کہ مظلوم خاندان کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف جبکہ ظالم کی ایف آئی آر میں مظلوم کو نامزد کر دیا گیا، اب جب ایک ہی کیس کی دو ایف آر درج ہو گئی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ خود قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور قانونی پیچیدگیاں پیدا کر رہے ہیں۔

اس کا فائدہ بالآخر سی ٹی ڈی کو ہی ہو گا۔ حامد میر نے کہا کہ آپریشن کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک بات قابل غور ہے کہ سی ٹی ڈی کی گاڑی پر نمبر پلیٹ نہیں تھی اور سی ٹی ڈی کے کسی اہلکار نے بلٹ پروف جیکٹ بھی نہیں پہن رکھی تھی۔ تمام اہلکار سول کپڑوں میں تھے اُن کو دیکھ کر ایسا بالکل نہیں لگ رہا تھا کہ وہ کسی خطرناک دہشتگرد کو پکڑنے آئے ہیں۔

حامد میر نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے مقتولین کے بیٹے کو پھولوں کو گلدستہ پیش کیے جانے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ذرا سوچئے! اگر کسی کی آنکھوں کے سامنے اسکے ماں باپ اور بہن کو قتل کر دیا جائے تو آپ اسکے ساتھ جا کر تعزیت کریں گے اسے دلاسہ دیں گے لیکن کیا آپ اس کے لئے پھول بھی لیکر جائیں گے؟ جب پتہ ہے کہ یہ مظلوم بچہ سو رہا ہے تو پھولوں کے ساتھ تصویر کھنچوانے کی کیا ضرورت تھی؟
یاد رہے کہ ساہیوال میں دو روز قبل سی ٹی ڈی کی مبینہ کارروائی میں چار افراد ہلاک ہوئے جن کی شناخت خلیل، نبیلہ، اریبہ اور ذیشان کے نام سے ہوئی تھی۔

فائرنگ کے دوران ایک بچہ گولی لگنے اور ایک بچی شیشہ لگنے سے زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے خلیل اور نبیلہ بچ جانے والے تین بچوں کے والدین تھے جبکہ اریبہ ان بچوں کی بڑی بہن تھی جو ساتویں جماعت کی طالبہ تھی۔ اور ان کے ساتھ موجود ذیشان ان کا محلے دار تھا ، ذیشان بطور ڈرائیور خلیل کے خاندان کے ساتھ گیا جسے سی ٹی ڈی نے دہشتگرد قرار دے رکھا ہے۔ واقعہ پر جے آئی ٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو ممکنہ طور پر کل اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔