”نئے پاکستان “میں بھی چیئرمین پی سی بی کی عیاشیاں جاری

احسان مانی نے 4 ماہ میں 34لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کرڈالی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 جنوری 2019 12:33

”نئے پاکستان “میں بھی چیئرمین پی سی بی کی عیاشیاں جاری
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیئرمین احسان مانی نے 4 ماہ میں 34لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کرڈالی۔پی سی بی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے رہائش کی مد میں 11 لاکھ جب کہ گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں 2 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد خرچ کئے۔غیرملکی دوروں پر 17 لاکھ 95 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی، اندرون ملک سفر پر 1 لاکھ 19 ہزار خرچ ہوئے ، بی او جی میٹنگ میں حاضری کے 20ہزار روپے وصول کئے ، احسان مانی کی زیر صدارت بی او جی ممبران نے 4 ماہ میں 16 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی اور5 لاکھ سے زائد رقم صرف میٹنگ الاﺅنس تو 4 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد رقم ڈیلی الاﺅنس کی مد میں خرچ کئے گئے۔

یاد رہے کہ احسان مانی ستمبر2018ءمیں آئندہ تین سال کیلئے بلا مقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

احسان مانی اس سے قبل آئی سی سی کے صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داری نبھا چکے ہیں،انہوں نے 1989ءسے لے کر 1996ءتک انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں پی سی بی کے نمائندے کی حیثیت سے کام کیا ،1996ءاور 1999ءکے ورلڈ کپ کی ایڈوائزری کمیٹی میں شامل تھے، 1996ءمیں وہ آئی سی سی کی مارکیٹنگ اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے اور 2002ءتک اس عہدہ پر فائز رہے، اس کے بعد وہ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے اور کئی کمیٹیوں میں بھی شامل ہوئے ،وہ 2003ءسے لے کر 2006ءتک آئی سی سی کے صدر بھی رہے ،وہ راولپنڈی میں 29مارچ 1945ءکو پیدا ہوئے ،وہ کلب اور کالج کی سطح پر کرکٹ کھیل چکے ہیں۔