ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کے بریڈمین بن گئے ہیں :این چیپل

بھارتی کپتان عصرحاضر میں تمام بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑسکتے ہیں، سابق آسٹریلوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 جنوری 2019 12:55

ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کے بریڈمین بن گئے ہیں :این چیپل
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2019ء) سابق آسٹریلوی کپتان این چیپل کو ویرات کوہلی میں سر ڈان بریڈ مین کی جھلک دکھائی دینے لگی۔آسٹریلیا کو اس کے ملک میں ٹیسٹ اور پھر ون ڈے سیریز میں پچھاڑنے کے بعد جہاں بھارت میں ویرات کوہلی کو سراہا جارہا ہے وہیں پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتانوں ا ین چیپل اور مائیکل کلارک نے بھی بھارتی کپتان کے قصیدے پڑنا شروع کردیے ہیں۔

این چیپل کا کہنا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹاپ تین پلیئرز سے زیادہ ایوریج کوہلی کی ہے، باقی تین کھلاڑیوں میں سر ویوین رچرڈز، سچن ٹنڈولکر اور ابراہم ڈی ویلیئرز شامل ہیں، بلاشبہ ٹنڈولکر کے رنز سب سے زیادہ اور سنچریوں میں بھی ان سب سے وہ آگے ہیں مگر ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ انھوں نے باقی تینو ں کھلاڑیوں کے مقابلے دوگنے سے زیادہ میچز کھیلے ہیں، ان تینوں کھلاڑیوں کے مقابلے میں کوہلی زیادہ بہتر جارہے ہیں جنھوں نے اپنی ہر ساڑھے پانچویں اننگز کو سنچری میں تبدیل کیا ہے، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ ایوریج کے لحاظ سے ون ڈے کرکٹ کے ڈان بریڈ مین ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ میرے نزدیک ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کھیلنے والے تاریخ کے عظیم ترین بیٹسمین ہیں، انھوں نے بھارت کی جانب سے جو کارنامے انجام دیے ہیں اس کے بعد مجھے اس بارے میں کوئی بھی شک باقی نہیں رہا۔یاد رہے کہ ویرات کوہلی اب تک 219 ایک روزہ میچز میں 59.68کی اوسط سے 10385 رنز بناچکے ہیں جن میں 39سنچریاں اور 48نصف سنچریاں شامل ہیں۔