پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی ڈے نائٹ ٹیسٹ سیریز کا امکان

قومی ٹیم نے رواں سال نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 جنوری 2019 13:52

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی ڈے نائٹ ٹیسٹ سیریز کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان نومبر میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز فلڈ لائٹس میں ہونے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے رواں سال نومبر میں آسٹریلیا جاکر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے جس کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ دونوں ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سیزن میں ایک ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں ہوتا ہے جو ایڈیلیڈ یا برسبین میں کھیلا جاتا ہے تاہم اب ان مقامات پر مجوزہ سیریز کے دونوں میچز کو ڈے اینڈ نائٹ کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اگرایسا ہوجاتا ہے توپھر یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ دو ممالک کے مابین مکمل ٹیسٹ سیریز ڈے اینڈ نائٹ ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے دوران ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکا ر کردیا تھا کیوں کہ پی سی بی کا خیال تھا کہ رات کے وقت بال گیلاہونے کی وجہ سے پاکستانی سپنرز کے لیے مشکلات پیدا ہوجائیں گی تاہم رواں سال سے لاگو ہونے والے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کے فیوچرٹورزپروگرام کے بعد مہمان کرکٹ بورڈ پلیئنگ کنڈیشنز کے بارے میں میزبان بورڈ کو کسی قسم کی ڈکٹیشن دینے کی پوزیشن میں نہیں رہیں گے ۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 2016ءمیں اپنے دورہ آسٹریلیاکے دوران برسبین کے مقام پر ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جہاں گرین شرٹس آخری اننگز میں490رنز کے ہدف کے تعاقب میں 450رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوئی تھی ۔