بند روڈ سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں ،سیوریج نظام کی مرمت کیلئے درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری

پیر 21 جنوری 2019 14:49

بند روڈ سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں ،سیوریج نظام کی مرمت کیلئے درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بند روڈ سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور سیوریج نظام کی مرمت کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔پیر کے روز ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے شہری محمد فواد اے مغل کی درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب حکومت ،کمیونیکیشن ورک ڈیپارٹمنٹ اور دیگر کر فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے سیدہ عظمیٰ گیلانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں اور موقف اپنایا کہ بند روڈ سے ملحقہ سڑکیں منہدم اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں ،خستہ حال سڑکیں استعمال کر کے مال بردار گاڑیاں شہروں میں ضروریات زندگی کی اشیا کی رسائی دیتی ہیں ،سڑکیں خستہ حال ہونے سے حادثات اور ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ،ٹیپا سڑکوں کی مرمت کی ذمہ داری محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پر ڈال رہی ہے ۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو سڑکوں اور سیوریج نظام کی مرمت کا حکم دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔