فیصل آباد ڈویژن، دھند میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ معمولات زندگی درہم برہم،

ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار، مسلسل بارش کے باعث تعلیمی اداروں اور دفاتر میں حاضری بھی انتہائی کم رہی، فصلات پر مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان

پیر 21 جنوری 2019 15:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) فیصل آباد اور ڈویژن کے دیگر اضلاع میں 2روز سے جاری بوندا باندی نے جل تھل کر دیا جس کے باعث دھند میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے جبکہ ٹریفک کا نظام بھی تعطل کا شکار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح فیصل آباد اور ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں شروع ہونے والی موسم سرما کی پہلی طویل بارش پیر کو بھی وقفہ وقفہ سے تمام دن جاری رہی۔

مختلف مقامات پر ہونے والی رم جھم نے کبھی بوندا باندی اور کبھی موسلا دھار بارش کی صورت میں مسلسل برسات کا سلسلہ جاری رکھا ۔مسلسل بارش سے جہاں دھند کی شدت میں کمی ہوئی وہیں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

مسلسل جاری رہنے والی بارش کے نتیجہ میں شہریوں کی بڑی تعداد گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئی جس سے تعلیمی اداروں اور دفاتر میں بھی حاضری معمول سے خاصی کم رہی۔

دوسری جانب اگرچہ بازار اور مارکیٹیں کھلی رہیں تاہم وہاں گاہکوں یا خریداروں کی کوئی چہل پہل نظر نہ آئی۔اس دوران بجلی و گیس کی بندش نے خواتین خانہ سمیت شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کئے رکھا جس کی وجہ سے مچھلی ،سموسے پکوڑوں،ڈرائی فروٹس اور انڈوں کی خریداری میں گہما گہمی نظر آئی۔پنجاب میڈیکل کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین طب نے بتایا کہ یہ بارش باران رحمت کی -صورت میں موسمی امراض کے خاتمہ کا پیش خیمہ ثابت ہو گی اسی طرح ماہرین زراعت نے بھی مذکورہ بارش کو گندم اور دیگر فصلات کیلئے انتہائی سود مند قرار دیا۔