پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں،صدر آزاد کشمیر

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،سردار مسعود خان

پیر 21 جنوری 2019 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا اسپنوسا کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے پیر کے روز اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی صدر کا تازہ بیان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اس بیان کی بازگشت ہے جس میں سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے مابین فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ششم کے تحت تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات اور ثالثی سمیت دیگر آپشنز کو بروئے کار لائیں تاکہ سات دہائیوں سے غیر حل شدہ مسئلہ کشمیر حل ہو اور جموں وکشمیر کے عوام کے مصائب اور مشکلات ختم ہوں۔

(جاری ہے)

کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم دستاویز ات قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ان قراردادوں میں جموں وکشمیر کے عوام کے بنیادی اور پیدائشی حق، حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اس جامع اور مفصل رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کا احترام کرنے کے لئے کہا گیا ہے، اور یہ بھی قرار دیا گیا ہے کہ اس حق کو بین الاقوامی قانون کا تحفظ حاصل ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین بھارتی مظالم میں دو نوجوانوں کی شہادت اور تحریک مزاحمت کے رہنما یاسین ملک اور ظفر اکبر بھٹ سمیت درجنوں سیاسی قائدین کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مداخلت کر کے انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر سردار مسعود خان کہا کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں گھر گھر تلاشیوں اور محاصرے کے دوران دو مزید نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا جبکہ سرینگر میں تحریک مزاحمت قائدین یاسین ملک، ظفر اکبر بھٹ اور کئی دوسرے رہنمائوں کو بھی گرفتار کیا گیا جو نہایت قابل مذمت ہے۔