ایوان بالا کا اجلاس، چیئرمین نے حکومت اور اپوزیشن کا موقف سننے کے بعد ارکان کو سانحہ ساہیوال پر اظہار خیال کی اجازت دی

پیر 21 جنوری 2019 17:07

ایوان بالا کا اجلاس، چیئرمین نے حکومت اور اپوزیشن کا موقف سننے کے بعد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومت اور اپوزیشن کا موقف سننے کے بعد سانحہ ساہیوال پر ارکان کو اظہار خیال کی اجازت دے دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ وہ ساہیوال میں پیش آنے والے سانحہ پر تحریک التواء پیش کرنا چاہتے ہیں، اسے فوری طور پر زیر بحث لایا جائے۔

قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اس واقعہ پر جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد بات کی جائے۔ پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ ہو چکا ہے۔ قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سارا ایوان اس واقعہ پر اظہار خیال کرنا چاہتا ہے، آج ہی اس معاملہ پر بات کی جائے کیونکہ یہ معاملہ فوری بحث کا متقاضی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر شبلی فراز نے اصرار کیا کہ ہائوس بزنس ایڈوائزری میں ہونے والے فیصلے کی پاسداری کی جائے اور اگر ہائوس بزنس ایڈوائزری میں ہونے والے فیصلوں کو نہیں ماننا تو پھر اس کا اجلاس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پورا ایوان ایک رائے دے رہا ہے، اس کا احترام کرنا چاہئے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہائوس بزنس ایڈوائزری میں طے ہوا تھا کہ آج ہی اس معاملے پر بحث ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تحریک التواء کی بجائے عوامی اہمیت کے حامل معاملہ کے طور پر اس پر تمام ارکان اظہار خیال کر سکتے ہیں۔