ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی فلم ’’گل مکئی ‘‘کی عالمی سفارتکاروں کے لئے نمائش 25جنوری کو لندن میں ہوگی،

ملالہ یوسف زئی سمیت دنیا بھر کی معروف شخصیات شرکت کریں گی

پیر 21 جنوری 2019 17:11

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی فلم ’’گل مکئی ‘‘کی عالمی سفارتکاروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی فلم ’’گل مکئی ‘‘کی عالمی سفارتکاروں کے لئے نمائش 25جنوری کو لندن میں ہوگی جس میں ملالہ یوسف زئی سمیت دنیا بھر کی معروف شخصیات شرکت کریں گی جبکہ پاکستان سے سابق فیڈرل سیکر ٹری و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کنور محمد دلشاد بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق فلم گل مکئی ملالہ یوسفزئی کی تعلیم ،امن، خوشحالی اور خواتین کی ترقی کے لئے جدو جہد پر مبنی ہے جس کے لئے معروف ہدایت کار امجد خان نے ہدایت کاری کے فرائض سر انجام دئے ہیں ۔ یہ فلم سنجے سنگلا اور شاہد خان کی مشترکہ پروڈکشن میں تیار کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ وہ 23جنوری کو لندن کے لئے اسلام آباد سے روانہ ہوںگے ۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی وادی سوات کی ایسی پر عزم بیٹی ہے جو ان حالات میں بھی ہمت و حوصلہ کا پیکر بنی رہی جب یہ خوبصورت وادی امن و ترقی کے دشمن دہشت گردوں کے ہاتھوں لہو لہو تھی۔پاکستان کی خواہش ہے کہ ملالہ یوسف زئی امن و تعلیم کے چراغوں کی لو بڑھاتی رہے اور ان کی روشنی پھیلتی رہے ۔ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کو دختر گلوبل ورلڈ و سفیر امن و خوشحالی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی عوام کو اپنی عظیم دختر پر فخر ہے ۔ملالہ یوسف زئی چمکتا ہوا ستارہ ہے اور جر ات وہمت کی علامت ہے اور گلوبل ورلڈ کی خواتین کے حقوق کی جنگ لڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ گل مکئی کی دستاویزی فلم ملالہ یوسف زئی کی جدو جہد کی ایک لا زوال داستان ہے۔