Live Updates

پاکستان آئے بھارتی شہری نے لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعریفوں کے پُل باندھ دئے

سوشل میڈیا پر بھارتی شہری کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 جنوری 2019 17:45

پاکستان آئے بھارتی شہری نے لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعریفوں کے پُل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2019ء) : سابق حکومت کے دور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اکثر سڑکوں اور موٹروے کی تعمیرات کی بات کیا کرتےتھے جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور خود موجودہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف بھی سابق وزیراعظم نواز شریف پر یہی تنقید کرتی تھی کہ ملک سڑکیں یا میٹروبس بنانے سے ترقی نہیں کرتے۔

بلا شُبہ موٹروے نے پاکستانیوں کے لیے آسان سفری سہولیات فراہم کی ہیں لیکن اب بھی کئی پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ حکومت کو موٹروے کی تعمیر کی بجائے صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت تھی۔ تاہم آج پاکستان آئے ایک بھارتی شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوئی جس نے لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعریفوں کے پُل باندھ دئے جس کو دیکھ کر یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ پاکستانیوں کے لیے موٹروے ایسے ہی ہے جیسے ''گھر کی مرغی دال برابر''۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر بھارتی شہری اروند کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت لاہور سے اسلام آباد جارہا ہوں،میں نے سوچا کہ کیوں نہ دو منٹ رُک کر آپ کو بتایا جائے کہ اب تک میں بھارت سے پاکستان آ گیا تھا ، لیکن مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میں ابھی تک انڈیا میں ہی ہوں۔ ہم کہتے ہیں کہ چھُٹیاں گزارنے کے لیے کسی باہر کے مالک جاتے ہیں۔

پاکستان آ کر مجھے بیرون ملک والی فیلنگ لاہور اسلام آباد موٹروے پر آ کر ہوئی ہے۔
بھارتی شہری نے اپنے ویڈیوپیغام میں کہا کہ اس موٹروے پر چلتے چلتے ہم نے گاڑی کو روکا ، یہاں پر سب کے لیے پارکنگ بنی ہوئی ہے۔ جیسے ہی آپ گاڑی پارک کرتے ہیں ایک بندہ آ کر گاڑی کو صاف کرتا ہے۔ انہوں نے ویڈیو میں قیام و طعام کی ساری جگہ دکھائی اور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر کھانے پینے کا بھی اچھا انتظام ہے۔

مقامی ریسٹورنٹس کے ساتھ انٹرنیشنل فوڈ چینز بھی موجود ہیں۔ ان سب کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں کم از کم 15 ریسٹورنٹس ہیں۔ بھارتی شہری نے کہاکہ ہم اپنے ملک میں راستے میں رُک کر ٹوائلٹ جانے کے ڈر سے گھر سے کم کھا پی کر چلتے ہیں لیکن پاکستان آ کر میرا دل خوش ہو گیا ہے اور احساس ہوا ہے کہ یہاں کے لوگوں میں ہم سے زیادہ عقل ہے جنہوں نے اپنے شہریوں کو اس قدر اچھی سہولیات فراہم کی ہوئی ہیں۔

جس کسی نے بھی اس کے بارے میں سوچا ان کو خراج تحسین پیش کروں گا۔ انہوں نے ویڈیو کا اختتام ''ویلڈن پاکستان '' کہہ کر کیا اور کہا کہ جہاں بھی جو اچھا کام کرے اس کی تعریف کی جانی چاہئیے اور یہاں آ کر میری طبیعت خوش ہو گئی ہے۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پرکافی مقبولیت حاصل ہوئی اور سوشل میڈیا پر موجود تمام پاکستانیوں نے فخر محسوس کیا کہ ایک بھارتی شہری نے پاکستان آ کر یہاں مسافروں کو موٹروے پر فراہم کی جانے والی سہولیات کی اس قدر تعریف کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات