Live Updates

سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی

سانحہ ساہیوال میں وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کو نامزد کیا جائے ، اگر ملٹری کورٹ میں توسیع ہوتی ہے تو سانحہ ساہیوال ملٹری کورٹ میں چلایا جائے،لطیف کھوسہ وزیر قانون پنجاب کے بیان کے بعد جے آئی ٹی سے زیادہ امید نہیں ہے ،جے آئی ٹی بن تو گئی ہے مگر تحریک انصاف والے یو ٹرن کے ماہر ہیں ، میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جنوری 2019 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں اپیلوں کی سماعت کے موقع چپر ایڈیشنل پراسیکوٹر جنرل نے کہاکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق وقوعہ کے وقت شاہ رخ جتوئی کی عمر 18سال سے زائد تھی، ملزم نے خود دو طرح کی دستاویزات پیش کیں، ایچی سن کالج اور نادرا ریکارڈ میں تضاد تھا ،شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سب سے اہم ہے ، شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی اپیل مسترد کی جائے جبکہ مدعی مقدمہ کے وکیل نے اپیل منظور کرنے کی حمایت کی ان کا کہنا تھا کہ میرے موکل نے ملزمان کو معاف کردیا ہے، اپیل منظور کی جائے تو ہمیں اعتراض نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ مقتول کے اہل خانہ نے معاوضہ لیا ہے مدعی مقدمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ آن ریکارڈ تو فی سبیل اللہ معاف کیا ہے اگر آف دی ریکارڈ رقم لی ہو تو معلوم نہیں ،جسٹس نظر اکبر کا کہنا تھا کہ آپ کے موکل شاہ ذیب کہاں ہیں محمود عالم رضوی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل ان کا انتقال ہوچکا ہے ، عدالت کا کہنا تھا کہ مدعی کے انتقال کے بعد آپ کیسے ان کی وکالت کرسکتے ہیں محمود عالم ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ مدعی کی بیوہ سے رابطہ نہیں ہورہا میں جلد ان کی طرف سے وکالت نامہ جمع کرادوں گا ، دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسران کی غفلت سے ملزمان بچ جاتے ہیں اور لوگ عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں ، تفتیش اور پراسیکیوشن فوج کے حوالے کردیں ، ایسے حالات میں تو فوج کو پراسیکیوشن کو نظام اپنے ہاتھ میں لے لینا چاہئے ،عدالت کا ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آپ پارلیمنٹ کو بتائیں کہ پراسیکئوشن میں کتنی خامیاں اور تفتیشی افسران کتنے نااہل ہیں،،لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ واقعہ غلط طور پر دہشت گردی بنا کر پیش کیا گیا ،خوف و ہراس پھیلنے کا بیان دینے والے چھہ گواہوں کا نام دیا گیا ، تین گواہوں نے عدالت میں آکر کوئی بیان نہیں دیا ،دہشت گردی کی دفعات کی وجہ سے فریقین کے سمجھوتے کو مسترد کردیا گیا ،مقتول کے اہل خانہ شاہ رخ جتوئی کو معاف کرچکے ہیں ،شاہ ذیب کے اہل خانہ نے کوئی رقم نہیں لی، عدالت کا کہنا تھا کہ کیا دیت یا معاوضے کی ادائیگی کیلئے کوئی حد مقرر ہے بیرسٹر لطیف کھوسہ کا کہناتھا کہ دیت کیلئے کم از کم رقم کا تعین ہے ذیادہ سے ذیادہ کا نہیں ، عدالت کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس میں ایک ہی روز میں کمپرومائز ہوا اور بھاری رقم ادا کی گئی ، لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ دیت کی ادائیگی کی اجازت اسلام نے دی ہے ،عدالت نے کہا کہ اگر رقم لی ہے تو اس کا اعلان کرنے میں کیا حرج ہی اسے چھپایا کیوں جاتا ہے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہمارا سماج اس بات کو قبول نہیں کرتا حالاں کہ اسلام کی روح کے مطابق خون بہا جائز ہے، جسٹس نظر اکبر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مرضی سے اسلام کی تشریح کرتے ہیں ، اپنی مرضی سے خون بہا کا قانون استعمال کرتے ہیں ،سماعت کے معد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال میں وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کو نامزد کیا جائے ،اور اگر ملٹری کورٹ میں توسیع ہوتی ہے تو سانحہ ساہیوال ملٹری کورٹ میں چلایا جائے،عمران خان کے پاس وزارت داخلہ بھی ہے امن و امان کی ذمہ داری اس پر بھی عائد ہوتی ہے ،عثمان بزدار پروکسی وزیر اعلی ہیں پنجاب حکومت براہ راست عمران خان چلا رہا ہے ،سانحہ ماڈل ٹاون میں تحریک انصاف والے وزیر اعلی پنجاب اور اس وقت کے وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی خوف بات کرتے تھے ،سانحہ ساہیوال سے عمران خان کے کیے گئے جھوٹے وعدوں کی قلعی کھول گئی ہے ،شہباز شریف پر تحریک انصاف خود الزام لگاتی تھی کہ پنجاب میں ماورائے عدالت قتل ہوتے ہیں،معصوم نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں ایک بھی پولیس والے کو خراش تک آئی ہے ،وزیر قانون کا بیان مزاحقہ خیز ہے انہوں نے پریس کانفرنس میں قاتلوں کا دفعہ کیا ہے ،وزیر قانون پنجاب کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے مترادف ہے ،وزیر قانون پنجاب کے بیان کے بعد جے آئی ٹی سے زیادہ امید نہیں ہے ،جے آئی ٹی بن تو گئی ہے مگر تحریک انصاف والے یو ٹرن کے ماہر ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات