اریبہ ہمیں کہا کرتی تھی کہ لڑائی کرنا اچھی بات نہیں، وہ ہم سے پیار کرتی

13 سالہ مقتولہ اریبہ کی دوستیں اسکو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

پیر 21 جنوری 2019 20:01

اریبہ ہمیں کہا کرتی تھی کہ لڑائی کرنا اچھی بات نہیں، وہ ہم سے پیار کرتی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جنوری2019ء) 13 سالہ مقتولہ اریبہ کی یادوں میں کھو کر اریبہ کی دوستیں غمزدہ ہو گئیں۔انکا کہنا تھا کہ اریبہ ہمیں کہا کرتی تھی کہ لڑائی کرنا اچھی بات نہیں، وہ ہم سے پیار کرتی تھی تفصیلات کے مطابق2روز ساہیوال میں اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں تھانہ یوسف والا کی حدود میں قادرآباد کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کیا اور ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو روکا، دہشت گردوں نے گاڑی روکنے کے اشارے پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق لاہور سے تھا ،جیسے اس بہیمانہ واقعے کی اطلاع ان کے رہائشی علاقے میں پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔

(جاری ہے)

اہل علاقہ نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا ۔جن کے اہل خانہ گئے ان پر تو قیامت ٹوٹی ہی ٹوٹی۔جو لوگ مقتولین سے کسی بھی سماجی رشتے میں جڑے تھے وہ بھی انکو یاد کر کے آبدیدہ ہیں۔13 سالہ اریبہ کے اسکول میں بھی اداسی کی فضا ہے۔اس کے اسکول پرنسپل کا کہنا تھا کہ یہ بڑا سانحہ ہے، ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ اریبہ کے لئے غم کا اظہار کریں۔اریبہ ایک لائق طالبہ تھی جو آج ہم میں نہیں ہے۔اس کی دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ بہت پیار کرنے والی اور خیال رکھنے والی تھی۔اسے لڑائی جھگڑا پسند نہیں تھا وہ ہمیں کہا کرتی تھی کہ لڑائی جھگڑا سے بچنا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کو جلد سے جلد اور سخت سزا دی جائے۔