موٹروے سکھر سیکٹر کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد

پیر 21 جنوری 2019 20:50

سکھر۔21جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پرایس ایس پی غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج سکھر میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی ہیڈکواٹر رانا محمد اسماعیل اور موبائل ایجوکیشن یونٹ کے افسران انسپکٹر شکیل احمد اور سب انسپکٹر محمد سومرو نے طلبہ اور اساتذہ کو ملک میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے حادثات سے متعلق ویڈیو اور لیکچر کے ذریعے بتایا، اس موقع پر ڈی ایس پی رانا محمد اسماعیل نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک انسانی زندگی کو بچانا گویا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے، ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے ہیلمٹ کی آگاہی مہم شروع کی ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، تقریب میں موٹر وے اور ہائی وے پر سفر کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں موٹر وے پولیس کی مدد کے لئے طلبہ اور اساتذہ کو این ایچ ایم پی ہمسفر ایپ کے بارے میں بھی خصوصی طور پر بتایا گیا، تقریب کے اختتام پر طلبہ سے روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کی افادیت سے متعلق سوال و جواب کیے گئے، درست جوابات دینے والے خوش نصیب طلبہ کو ہیلمٹ کے انعامات دیے گئے، تقریب کے اختتام پر گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج سکھر کے سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن غلام حسین لغاری نے کہا کہ روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ سے متعلق اہم معلومات طلبہ اور اساتذہ کو فراہم کرنے اور طلبہ میں ہیلمٹ کی مفت تقسیم پر موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہوں نے اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کے لئے خواہش کا اظہار کیا جبکہ ہیلمٹ کے انعامات جیتنے والے طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کیا جبکہ روڈ سیفٹی پروگرام اور ہیلمٹ کی افادیت سے متعلق آگاہی کو بے حد پسند کرتے ہوئے تمام طلبہ نے موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے استعمال کو اپنے اوپر لازم قرار دیا۔