چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت صوبے میں ٹیکس وصولی کے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا

پیر 21 جنوری 2019 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) اجلاس میں ایس ایم بی آر، روینیو ، ایکسائیز اور محکمہ خزانہ کے افسران نے صوبے میں ٹیکس وصولی کے متعلق بریفنگ دی۔ سیکریٹری ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن نے بتا یا کہ محکمہ ایکسائیز نے اب تک 37392 ملین ٹیکس وصولی کی ہے۔سینیئر میمبر بورڈ آف روینیو نے بتایا کہ پراپرٹی رجسٹریشن کی مد میں اب تک 1114.235 ملین، کیپیٹل ویلیو ٹیکس کے مد میں 1432.24 ملین جب کے اسٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 4585.034 ملین وصولی ہوئی ہے۔

سینیئر میمبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ سندھ میں جائیداد کی خریدوفروخت میں نمایاں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے ٹیکس وصولی میں کمی ہورہی ہے تاہم ہم اپنے اہداف کو حاصل کرلیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ٹیکس وصولی کو مزید بہتر اور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائیز , روینیو بورڈ اور ایس آر بی میں افسران کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصولی کے اہداف کو یقینی بنایا جائے۔ اس سے پہلے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ سے یونائیٹڈ نیشن کے ڈرگز اور کرائم کے خلاف کام کرنے والے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئے جی سندھ، سیکریٹری داخلہ , سیکریٹری ایکسائیز اور پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

یونائیٹڈ نیشن کے وفد نے بتایا کہ سندھ کے پراسیکیوٹر، تفتیشی افسران اور پولیس کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا چاہتے ہیں جس میں دہشتگردی کی روک تھام ، مقدمات کی پیروی اور انسانی حقوق پر آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کا ایک کورس خیبرپختونخوا کی پولیس اور تفتیشی افسران کو کروایا گیا ہے جس سے دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش میں فائدہ ہوگا۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے وفد سے کہا کہ ٹریننگ کا پلان دیا جائے جو صوبائی حکومت سے منظور کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے ساتھ میڈیکو لیگل افسران کی بھی ٹریننگ کروائی جائے گی۔ آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کہا کہ انویسٹیگیشن کے دوران پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے تربیتی پروگرام سے پولیس، تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹر کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :