سانحہ ساہیوال پر کسی کی جانب سے بھی سیاست نہیں ہونی چاہیے، عبدالقادر پٹیل

پیر 21 جنوری 2019 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر کسی کی جانب سے بھی سیاست نہیں ہونی چاہیے‘ ہمیں متحد ہو کر ایسے واقعات کے سدباب کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے‘ غلطیوں کا دفاع کرنے کی بجائے ان کا اعتراف کیا جائے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں سانحہ ساہیوال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ساہیوال جیسے واقعات پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے سیاست نہیں ہونی چاہیے‘ ہمیں متحد ہو کر ایسے اقدامات کرنے ہوں گے کہ قوم کے بچے ایسے نہ مارے جائیں‘ ہم نے سانحہ ماڈل ٹائون کی بھی مذمت کی اور نقیب اللہ محسود کے جرگہ میں بھی گیا اور ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں غلطیاں کی ہیں ہم نے اس سے سیکھا ہے۔ غلطیوں کا دفاع کرنے کی بجائے ان کا اعتراف کریں۔ یہ پولیس مقابلہ اور آئین شکنی آمروں کے ادوار میں آئیں۔ کراچی آپریشن سے 107 بہادر پولیس آفیسر چن چن کر قتل کردیئے گئے‘ وہ لوگ آج کس کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ غلط کام کو غلط کہنا چاہیے۔ مشرف کے دور میں انہیں فری ہینڈ دیا گیا۔