حیدرآباد میں بارش سے موسم خوشگوار اور سر د ہوگیا ، حیسکو ،واسا اور بلدیہ کے چہرے بے نقاب ، بارش سے ہر طرف جل تھل، کئی نشیبی علاقے زیر آب

پیر 21 جنوری 2019 21:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) حیدرآباد میں بارش سے موسم خوشگوار اور سر د ہوگیا ، حیسکو ،واسا اور بلدیہ کے چہرے بے نقاب ، ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں گذشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا جس سے ہر طرف جل تھل ہو گیا اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بعض سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی تھیں، سرد موسم کی حیدرآباد اور اندرونِ سندھ کی پہلی بارش تھی جس سے موسم خوشگوار اور مزید سرد ہوگیا لیکن دوسری جانب حیسکو ، بلدیہ اور واسا کی ناقص کارکردگی نے عوام کو شدید ذہنی عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، حیسکو کے درجنوں فیڈرزٹرپ کرگئے اور کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہی شہر کے مصروف علاقوں صدر ، گاڑی کھاتہ اور لطیف آباد وغیرہ میں 12گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بند رہی جس کی وجہ سے دفاتر میں کام نہیں ہوسکا، واسا نے بڑے نالوں کی صفائی نہیں کی جس کی وجہ سے بارش کے ساتھ ہی گٹر ابلنا شروع ہوگئے اور بارش کے پانی کے ساتھ گٹروں و نالوں کا پانی بھی سڑکوں پر جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کا گزرنا مشکل ہوگیا۔