سبی، چار روزہ پولیو مہم کا افتتاح

پیر 21 جنوری 2019 21:40

سبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ضلع سبی میں چار روزہ پولیو مہم کاآغاز کر دیا گیا ہے ،چار روزہ پولیو مہم کا افتتاح سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان حافظ باسط اور ڈپٹی کمشنر سید زاہد شاہ نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کوپولیو ویکسین پلا کر کیا۔اس موقع پرڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یاکہ ضلع سبی کے پچیس یو نین کونسلوں میں پانچ سال کی عمرتک کی44ہزارسے زاہدبچوں کو انسداد پولیو کے قطرئے پلائے جائیں گے،محکمہ صحت نے چار روزہ پولیو مہم کے سلسلے میں 48فکسڈ سینٹر،192موبائل،25 زونل سپروائزر،38ایریا انچارج ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی اس کے علاوہ محکمہ صحت کے خواتین ٹیمیوں نے بھی گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چار روزہ پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایم ایس ڈاکٹر غلام سرور ہاشمی ،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون ،ڈاکٹر علی احمد بلوچ ،ڈاکٹر محمد علی ،ڈاکٹر فیض بلوچ، ڈاکٹر شہزاد اور دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی نے کہا کہ پولیو مہم 24 جنوری تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سبی انتظامیہ کی جانب سے پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو شہر میں پولیس جبکہ بی ایریا میں لیویز فورس کے اہلکارسیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے بعد ازیں سیکرٹری صحت بلوچستان حافظ باسط نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ادویات کی کمی کے بارے میں کہا کہ سول ہسپتال سبی میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جائیگا تاکہ شہریوں کو صحت کی سہولیات میسر ہو سکے۔