احتساب عدالت نے فراڈ کیس کے 2ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی

پیر 21 جنوری 2019 22:10

لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) احتساب عدالت نے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی شجاع ٹائون میں کروڑوں روپے کے فراڈ کیس کے 2ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزمان زاہد شجاع اورنیاز احمد کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 4فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔اس کیس میں ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شجاع ٹان کیخلاف نیب لاہور کو کھلی کچہری میں موصول شکایات پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ملزم زاہد شجاع وغیرہ کیخلاف سینکڑوں متاثرین کھلی کچہری میں داد رسی کیلئے پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

ملزم نیاز شجاع ٹاؤن کے مالک سردار زاہد شجاع کا شریک ملزم ہے۔ ملزم زاہد شجاع اور ملزم نیاز نے ٹی ایم اے ساہیوال کی منظوری کی بغیر ہی اپنی سوسائٹی میں پلاٹوں کی بکنگ شروع کی حالانکہ ٹی ایم اے کی جانب سے سوسائٹی کو بکنگ بند کرنے کے احکامات بھی جاری ہوئے تھے۔ ملزمان نے متاثرین کے پلاٹوں کی کروڑوں روپے کی رقم کھا گئے جس پر متاثرین نے اپنی ڈوبی رقوم کی وصولی کیلئے نیب سے رابطہ کیا۔